کوہستان،پل ٹوٹنے سے مسافروین نالے میں جا گری،26 افراد جاں بحق
داسو،کوہستان(زمینی حقائق )ہزارہ ڈویژن کے ضلع کوہستان کی تحصیل کندیا میں پل ٹوٹنے کے باعث گاڑی نالے میں گر گئی جس کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ٹریفک حادثہ تحصیل کندیا کے علاقہ بگڑو میں پیش آیا جہاں پل ٹوٹنے سے ڈاٹسن گاڑی نالے میں گر گئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق مسافر وین باڑیگوگاں سے کمیلہ جارہی تھی اور گاڑی میں 31 سے زائد لوگ سوار تھے جو سب نالے میں بہہ گئے۔
مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت 5 افراد کو بچالیا جبکہ انتظامیہ نے باقی افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ اب تک 8 سے زائد لاشیں نکالی جاچکی ہیں اور باقی کی تلاش جاری ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جارہا ہے۔ڈی پی او کوہستان راجہ عبدالصبور نے واقعے کے حوالے سے بتایا کہ حادثہ دور دراز پہاڑی علاقے میں لکڑی کا پل ٹوٹنے کے باعث پیش آیا، دور دراز علاقے کی وجہ سے امدادی کاروائیوں میں مشکلات کا سامناہے۔
اطلاع ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا آج کندیا پہنچ رہے ہیں جس کیلئے ہیلی پیڈ بھی تیار کیا جا رہا ہے۔