کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں چاہے کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے،آرمی چیف
راولپنڈی(ویب ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر پر کسی قسم کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
یوم آزادی اور یوم یک جہتی کشمیر پر ایک بیان میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ 1947 میں کاغذ کا ایک غیر قانونی ٹکڑا کشمیر کی حیثیت تبدیل نہ کر سکا۔
آرمی چیف نے کہا کہ موجودہ یا مستقبل میں بھی کوئی غیر قانونی قدم کشمیر کی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان غاصبانہ عزائم کے خلاف کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا، کشمیر پر کسی قسم کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم کشمیریوں پر بھارت کے جبر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، ہم کھڑے ہیں چاہے اس کی ہمیں کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کو جموں و کشمیر کے تقدس کا بھرپور ادراک ہے، پاک فوج کشمیر کاز کے لیے قومی ذمے داری نبھانے کو مکمل تیار ہے۔
یاد رہے کہ آج مظفر آباد آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے بھی مودی کو واضح پیغام دیا ہے اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔