عمران ٹرمپ وعدوں پر عمل درآمد کا وقت آگیا،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

0

فوٹو: مورگن آرٹگس—. اسکرین گریب

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی ملاقات کے بعد عزائم کو آگے بڑھانے کا وقت آگیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن آرٹگس نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان پہلی ملاقات نے امریکی صدر اور وزیر خارجہ مائیک پومیو کو موقع فراہم کیا کہ وہ ان کے ساتھ ذاتی تعلقات اور ہم آہنگی پیدا کریں۔

مورگن آرٹگس کا کہنا تھا کہ دونوں سربراہان مملکت کی پہلی ملاقات کامیاب رہی اور وقت آ گیا ہے کہ ان ملاقاتوں میں کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد کیا جائے اور آگے بڑھا جائے۔

انھوں نےکہا افغانستان میں امریکا اور نیٹو فورسز نے بہت قربانیاں دیں اور اربوں ڈالرز خرچ کیے تاہم امریکا چاہتا ہے کہ افغان عوام اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں۔

امریکی ترجمان نے کہا کہ ہم افغانستان میں قیام امن کے لیے پر عزم ہیں جس کے لیے عمران خان نے وعدہ کیا ہے کہ وہ طالبان پرافغان حکومت کے ساتھ مذاکرات پرزور دیں گے۔

یرغمالیوں کی بازیابی سے متعلق سوال پر مورگن آرٹگس کا کہنا تھا کہ یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

ادھر امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو اور افغان صدر اشرف غنی نے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں جنگ ختم کر کے قیامِ امن کی کوششوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

افغان صدر کو بتایا گیا کہ امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل جوزف ڈنفورڈ اور نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کو کابل بھیجا گیا ہے تاکہ وہ امن کوششوں کے سلسلے میں آئندہ کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کرسکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.