عمران خان کاامریکہ سے واپسی پر دوحا میں مختصر قیام، قطری ہم منصب سے ملاقات
فوٹو: پی آئی ڈی
دوحا( ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے امریہ سے واپسی پر دوحا میں مختصر قیام کیا، قطری ہم منصب شیخ عبدالله بن نصر نےعمران خان کا حَمَد ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق قطری وزیراعظم نے عمران خان کو اپنی رہائشگاہ بھی مدعو کیا جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے برادر ملکوں کی دیرینہ دوستی اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مختلف امور پر بات چیت کی۔ عبدالرزاق داؤد، زلفی بخاری اور سیکریٹری خارجہ بھی وزیر اعظم کے ساتھ تھے۔
یاد رہے امریکا روانگی کے موقع پر بھی دوحا ائیرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان سے قطر ائیرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ملاقات کی تھی۔
عمران خان کے اعزاز میں قطری ہم منصب شیخ عبداللہ بن نصر الثانی نے عشائیہ بھی دیادونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور قطر کا زراعت، سیاحت و دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ہوا بازی میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امیر قطر کا حالیہ دورہ پاکستان بہت اہم تھا، پاکستان کی اقتصادی معاونت پر قطر کے شکر گزار ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 21 سے 23 جولائی تک امریکا کا تین روزہ سرکاری دورہ کیا۔
اس دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو، امریکی اراکین کانگریس کے علاوہ پاکستانی نژاد تاجروں سے بھی ملاقات کی تھی۔