ن لیگ،پی پی سے شکوہ ہے، عمران خان کومذیدوقت کیوں دیں؟فضل الرحمان
فوٹو: فائل
مانسہرہ(زمینی حقائق ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان جعلی، نقلی، خلائی اور نصب شدہ وزیراعظم ہیں۔
وہ مانسہرہ میں ملین مارچ سے خطاب کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام ہوچکی ہے، پاکستانی حکمران اسلامی تعلیمات سے قطعی نابلد ہیں اور حکمرانوں کو نظریہ پاکستان کا کچھ علم نہیں۔
مولانا نے کہا کہ صدارتی نظام کے ذریعے آمریت کو راستہ نہیں دیں گے، معیشت خسارے کا شکار ہے اور ملک دیوالیہ ہونے کے قریب آگیا ہے تو آپ کو مہلت کیسے دیں؟ آپ تو اٹھنے کے قابل بھی نہیں، ملک کو چلنے دیا جائے، تجربات نہ کریں۔
انھوں نے کہا جبر کامیاب ہوگیا اور جمہوریت کمزور ہوگئی، قبائلیوں کو ضم کرکے بے یارومدد گار چھوڑ دیا گیا ہے اور وہ پریشان ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا وہ کہتے ہیں عمران خان کی زبان پھسل گئی، انہیں بولنا نہیں آتا جہاں جاتے ہیں تو بونگیاں مارتے ہیں، کہاں کہاں آپ کی غلطیاں پکڑیں؟ صاف کیوں نہیں کہہ دیتے کہ آپ کو علم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نہ آپ کسی سے بریفنگ لیتے ہیں نہ پوچھتے ہیں اور خود سے بولتے ہیں تو بونگیاں مارتے ہیں، آپ جعلی، نقلی، خلائی اور نصب شدہ وزیراعظم ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے اپوزیشن کو نہیں عوام کو متحد کرنے میں دلچسپی ہے، وطن عزیز کی نظریاتی اساس کے امین ہیں، موجودہ حکومت نے تعلیمی نصاب میں تبدیلی شروع کردی ہے۔
مولانا فضل الر حمان نے کہا ن لیگ اور پی پی پی سے بھی شکوہ ہے، کیا مطلب ہے کہ عمران خان کو وقت ملنا چاہیے؟ اس کا معنیٰ یہ ہے کہ آپ دھاندلی والے جعلی الیکشن کو تسلیم کررہے ہیں، کیا اس کے پیچھےمصلحتیں کار فرما ہیں۔