پاکستان اور چین نے آزاد تجارتی معاہدہ دوئم پر دستخط کر دیے
بیجنگ(نیٹ نیوز) پاکستان اور چین نے آزاد تجارتی معاہدہ دوئم پر دستخط کردیے جس کے تحت پاکستان کو 313 مصنوعات کی برآمد پر ڈیوٹی فری رسائی ملے گی۔
وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آزادنہ تجارتی معاہدے سے پاکستان کے لیے تجارت کے دروازے کھل گئے ہیں۔
معاہدے کے بعد پاکستان کو آسیان ممالک کی طرز پر رعایت میسر ہوگی اور پاکستان کی 90 فیصد برآمدات کی چین کو ڈیوٹی فری رسائی ممکن ہوپائے گی۔
مشیر تجارت نے کہا کہ پاکستان اور چین نے 75 فیصد ٹیرف لائنز کی ڈیوٹی فری رسائی پر اتفاق کیا ہے، پاکستان کی چین کے لیے برآمدات 5 سال میں ساڑھے 6 ارب ڈالرز بڑھنے کی توقع ہے۔
مشیر تجارت نے بتایا کہ ڈیوٹی کی چھوٹ صرف ٹیکسٹائل مصنوعات تک محدود نہیں بلکہ کیمیکل، انجینئرنگ، فوڈ آئٹمز، فٹ وئیر، پلاسٹک کی مصنوعات کی برآمد بھی ڈیوٹی فری ہوں گی۔
وزارت تجارت کے حکام کا کہنا ہے کہ آزاد تجارتی معاہدے میں مقامی صنعت کو تحفظ دیا گیا ہے جب کہ چین کی 1700 مصنوعات کو حساس لسٹ میں رکھا گیا ہے۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کو ڈیوٹی فری رسائی دینے والی اشیاء کی چین میں سالانہ درآمد 40 ارب ڈالرز ہے۔