پاکستان افغانستان کے اندرونی تنازعہ کا حصہ نہیں بنے گا، عمران خان
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان کے تنازعات نے افغانستان اور پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا لہٰذا اب پاکستان افغانستان میں کسی بھی اندرونی تنازع کا حصہ نہیں ہوگا۔
ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان کے تنازعات نے افغانستان اور پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا، طویل انتظار کے بعد افغانستان امن عمل اور خطے میں امن کا تاریخی موقع ہے۔
انھوں نے کہاپاکستان مکمل طور پر افغانستان کے اندرونی مذاکرات اور بات چیت کے اگلے منطقی مرحلے کی حمایت کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ افغان قیادت خود اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی، پاکستان زبردستی مذاکرات میں افغان مسئلے کا حل تلاش کرنے کے حق میں نہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام جماعتوں کو اس لمحے کی اہمیت تسلیم کرنے پر زور دیتا ہے، پاکستان نے امن عمل کی کامیابی کیلئے تمام سفارتی اور سیکیورٹی کوششیں کی ہیں۔