کاغذات نامزدگی چھیننے کی شکایات پرالیکشن کمیشن کاآخری روز ٹیلی فون
فوٹو : فائل
اسلام آباد: کاغذات نامزدگی چھیننے کی شکایات پرالیکشن کمیشن کاآخری روز ٹیلی فون، پنجاب میں امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننے کے معاملے پر الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبدالودود خان کے گزشتہ روز کے خط پرصوبائی الیکشن کمشنر سعید گل نے ضابطے کی کارروائی کی، اور کہا انہیں لاہور کے ریٹرننگ افسران (آر اوز) کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اورخصوصاً پولیس کی مداخلت کی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔
خط میں کہا گیا کہ شکایات موصول ہونے کے بعد متعلقہ اداروں سے فون پر رابطے کی کئی بار کوشش کی گئی اور متعدد خطوط بھی لکھے، تاہم کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
ضلعی الیکشن کمشنر نے اپنے خط میں صوبائی الیکشن کمشنر سے درخواست کی کہ وہ آئی جی پنجاب سے چیف سیکریٹری پنجاب سے رابطہ کریں تاکہ انتخابی عمل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے بچا جاسکے۔
ضلعی الیکشن کمشنر کے اس خط کے بعد الیکشن کمشنر پنجاب نے آئی جی پنجاب کو فون کیا اور کہا کہ ریٹرنگ افسران کےکام میں مداخلت قبول نہیں ہے، شفاف الیکشن کیلئے سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ دینی ہے۔
واضح رہے سوشل میڈیا پر ایسی متعدد ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں پی ٹی آئی امیدواروں سے کاغذات چھنے جارہے ہیں یا پولیس انھیں ریٹرننگ آفیسرز کے آفس جانے سے روک رہی ہے.
ان کے رہنماؤں اور امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا جارہا ہے اور ان پر تشدد کرکے گرفتار کیا جارہا ہے۔
تحریک انصاف میں شمولیت کرنے والے معروف قانون دان لطیف کھوسہ کا بھی کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی کے حصول میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ میں بھی درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن لڑنے سے روکنا آئین کی خلاف ورزی ہے، عدالت کاغذات نامزدگی چھیننے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے اور تمام رہنماؤں کو ہراساں کرنے سے روکے۔
پی ٹی آئی کے رہنما تیمور جھگڑا نے نجی ٹی وی آج نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے ہاتھوں سے کاغذات نامزدگی چھینےجارہےہیں، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، خیبرپختونخوامیں ہمیں صرف ایک ایونٹ کرنےکی اجازت ملی، ہمارےایونٹ میں بھی پولیس آگئی۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانا امیدواروں کا حق ہے، اگر پولیس نے کسی امیدوار کو روکا تو کارروائی ہوگی۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ صوبائی الیکشن کمشنر نے آئی جی پنجاب کو کہا ہے کہ شفاف انتخابات میں کسی رکاوٹ کو برادشت نہیں کریں گے تاہم جو رکاوٹیں ڈالی گئی ہیں ان پر کارروائی نہیں کی گئی۔
آئی جی پنجاب نے صوبائی الیکشن کمشنر کو تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے تمام آر پی آوز کو ہدایات جاری کردی ہیں، آئی جی پنجاب نے کہا کہ شفاف الیکشن کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ ہیں۔
Comments are closed.