نیوزی لینڈ دورہ کےلئےپاکستان کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کااعلان کردیاگیا

50 / 100

فوٹو: سوشل میڈیا

لاہور: نیوزی لینڈ دورہ کےلئےپاکستان کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کااعلان کردیاگیا،کئی نئے چہرے شامل،شاداب خان اور نسیم شاہ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

قومی چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ میں ہمارے 5 ٹی ٹوئنٹی میچز ہیں، امید ہے یہ کھلاڑی اچھا پرفارم کریں گے۔

صائم ایوب، افتخار احمد، محمد نواز، وسیم جونیئر، زمان خان، عامر جمال، اعظم خان، عباس آفریدی، صاحبزادہ فرحان اور حسیب اللّٰہ خان اسکواڈ میں شامل ہیں۔

اسامہ میر، ابرار احمد، حارث رؤف، شاہین آفریدی، بابر اعظم، محمد رضوان اور فخر زمان بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

وہاب ریاض نے کہا ہے کہ شاداب خان اہم کھلاڑی ہیں، بدقسمتی سے انجری کی وجہ سے وہ اسکواڈ میں شامل نہیں، وہ 2 ہفتے کے بعد بولنگ کے لیے دستیاب ہوں گے جبکہ محمد حارث کو بھی اس سیریز میں آرام دیا گیا ہے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ریکور کیا ہے، پی ایس ایل تک حسنین اور نسیم شاہ دستیاب ہوں گے جبکہ احسان اللّٰہ کو مزید وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ پول آف پلیئرز بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، ٹیم کی بہتری کے لیے 3 وکٹ کیپرز کا فیصلہ کیا ہے، بیک اپ تیار کیا جا رہا ہے، کوشش ہے کہ ورلڈ کپ میں کوئی مشکل نہ ہو۔

اس دوران کنسلٹنٹ سلیکشن کمیٹی کامران اکمل نے کہا کہ ہم ایک پیج پر ہیں، ہمیں بیک اپ تیار کرنا ہے، وائٹ بال فارمیٹ میں تجربے کیے جا سکتے ہیں۔

کامران اکمل نے کہا کہ ہمیں ڈومیسٹک کرکٹ کے پرفارمرز کو اہمیت دینی ہے، عمر اکمل اپنی پرفارمنس سے واپس آئے گا، وہ نہ پہلے میری وجہ سے آیا نہ اب آئے گا۔

سابق وکٹ کیپر بیٹرکامران اکمل نے مزید کہا کہ سلیکشن کمیٹی ضرورت محسوس کرے گی تو ضرور منتخب کرے گی لیکن پہلے انھیں ڈومیسٹک میں پرفارنس شوکرنی ہوگی۔

Comments are closed.