اسپاٹی فائے کا دنیا بھر سے ملازمین کی بڑی ڈاؤن سائزنگ کا اعلان
فوٹو فائل
کیلیفورنیا:میوزک اسٹریمنگ ملٹی نیشنل کمپنی ’اسپاٹی فائے‘ نے دنیا بھر سے اپنے 1500 ملازمین کو فوری ملازمت سے نکالنے کا اعلان کر دیا۔
کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ ملازمت سے نکالے جانے والے افراد 5 ماہ تک ’سرونس پے‘ کے تحت تنخواہ، ہیلتھ انشورنس اور اپنی رہ جانے والی تمام چھٹیوں کا معاوضہ بھی حاصل کر سکیں گے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اسپاٹی فائے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ملازمین کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ دنیا بھر سے کمپنی اپنے 17 فیصد سٹاف کو کم کر رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملازمین کو نکالنے کا آغاز جنوری 2024 سے ہو جائے گا اور پہلے مرحلے میں 600 ملازمین کو فارغ کیا جائے گا جبکہ سال بھر میں مجموعی طور پر 1500 ملازمین کو برطرف کیا جائے گا۔
اسپاٹی فائے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق برطرف ہونے والے ملازمین کو 5 ماہ تک تنخواہ، ہیلتھ انشورنس، چھٹیوں کے پیسے، امیگریشن سے متعلق معاونت سمیت دیگر سہولیات دی جاتی رہیں گی، یعنی جس ملازم کو جس ماہ نوکری سے نکالا جائے گا، اس کے اگلے 5 ماہ تک اسے تنخواہ اور دیگر مراعتیں دی جاتی رہیں گی۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے تمام ملازمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس بات پر اظہار افسوس کیا کہ ملازمتوں سے برطرف ہونے والے افراد متاثر ہوں گے۔
انہوں نے ملازمین کے کام اور محنت کی تعریفیں کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی انتھک محنت اور کاوشوں کی وجہ سے ہی کمپنی کے سبسکرائبرز کی تعداد نصف ارب تک جا پہنچی ہے اور پلیٹ فارم پر ہزاروں گلوکار و آرٹسٹ پرفارمنس کر رہے ہیں۔
کمپنی کے مطابق مالی اخراجات بڑھ جانے کی وجہ سے ملازمین کو برطرف کیا جا رہا ہے، کیوںکہ بڑھے ہوئے اخراجات سے کمپنی اپنے دیرینہ مقاصد پورے نہیں کر سکے گی۔
Comments are closed.