سلمان بٹ کی ایک دن تقرری دوسرے دن برطرف،وزیراعظم کے حکم پرتقرری منسوخ

52 / 100

فوٹو:فائل

اسلام آباد: سلمان بٹ کی ایک دن تقرری دوسرے دن برطرف،وزیراعظم کے حکم پرتقرری منسوخ، نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑنے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں متنازعہ تقرری پر سخت نوٹس لیا۔

سابق کپتان اور فیکسنگ کیس میں سزا یافتہ سابق کھلاڑی سلمان بٹ کی گزشتہ روز تقرری ہوئی تھی، پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں تعیناتی پر نگران وزیرِ اعظم نے سخت نوٹس لیا.

نگران وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ کی ہدایت پر فوری طور پراس متنازعہ تعیناتی کو منسوخ کردیا گیا۔

وزیراعظم کی طرف سے کہا گیاہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، کرکٹ جیسے مقبول اور پاکستانیوں کے پسندیدہ کھیل کیلئے کھلاڑیوں کی سیلیکشن کمیٹی کو بھی غیر متنازعہ ہونا چاہئیے.

نگران وزیرِ اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں غیر متنازعہ اور اچھی شہرت رکھنے والے سلیکٹرز کو شامل کرنے کی ہدایت کر دی۔

انھوں نے کہا غیر متنازعہ اور میرٹ پر تقرر شدہ سلیکٹرز ہی پاکستان کی بین الاقوامی کرکٹ میں نمائندگی کیلئے بہترین ٹیم کا انتخاب کر سکتے ہیں.

کہا پاکستان کرکٹ کو اسکے شاندار ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر سے کامیابی سے ہمکنارکرنے کے لیے تمام تقرریاں خالص میرٹ پر کریں گے.

وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلی ہیں اور اسی لئے انھوں نے متنازعہ کھلاڑی سلمان بٹ کے تقرر پر نوٹس لیا ہے۔

اسد شفیق نئے کنسلٹنٹ ہوں گے، وہاب ریاض 

دوسری طرف پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے بتایا کہ سلمان بٹ کو کنسلٹنٹ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، سلمان بٹ کی جگہ اسعد شفیق نئے کنسلٹنٹ ہوں گے، سلمان بٹ کے ایشو کو بے جا اچھالا جارہا ہے۔

وہاب ریاض نے لاہور میں پریس کانفرنس میں کہا کہ سلمان بٹ اب کنسلٹنٹس ٹیم کاحصہ نہیں ہوں گے، اس سارے معاملے میں پی سی بی کا قصور نہیں، سلمان بٹ سے بات کرکے انہیں کنسلٹنٹ ٹیم سے الگ کیا۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ قومی سلیکشن کمیٹی میں توصیف احمد اور وجاہت اللہ واسطی شامل ہیں، قومی سلیکشن کمیٹی میں وسیم حیدر بھی شامل ہیں، کنسلٹنٹس کا کام صرف کھلاڑیوں کی نشاندہی کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خرم منظور، فواد عالم، رومان رئیس اور عثمان شینواری سے بات کی، آمادگی ظاہر کرنے والوں کو کنسلٹنٹس مقرر کیا گیا۔

وہاب ریاض کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کا انتخاب کرنا ہے، ٹیم کے حوالے سے مشاورت کے لیے کل کراچی جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹرز کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ کو چیف سلیکٹر وہاب ریاض کے کنسلٹنٹ کی ذمہ داریاں تفویض کیں تھیں۔

Comments are closed.