افغانستان نیدرلینڈ کو ہرا کر پوائنٹ ٹیبل پر پاکستان سے آگے نکل گیا

50 / 100

فوٹو:فائل

اسلام آباد: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں افغانستان نیدرلینڈ کو ہرا کر پوائنٹ ٹیبل پر پاکستان سے آگے نکل گیا، ورلڈکپ کے 34ویں میچ میں افغانستان نے نیدرلینڈز کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لکھنو میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز نے افغانستان کو جیت کے لیے 180 رنز کا ہدف دیا، جو اس نے 31.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، حشمت اللّٰہ شاہدی 56 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

رحمت شاہ نے 52 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے شامل تھے، ابراہیم زدران 20 اور رحمان اللّٰہ گرباز 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عظمت اللّٰہ عمرزائی31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے پہلے کرکٹ ورلڈ کپ کے 34 ویں میچ میں نیدر لینڈز نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 46.3 اوورز میں 179 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

نیدرلینڈز کی طرف سے سائبرانڈ 58 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ میکس اوڈاؤڈ نے 42، کولن ایکرمین نے 29، وین ڈر مروے نے11 اور وین میکرین نے 4 رنز بنائے۔

افغانستان کی طرف سے محمد نبی نے 3، نور احمد نے 2 اور نجیب الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ نیدرلینڈز کے 4 بیٹرز رنز آؤٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ افغانستان اور نیدر لینڈز کی ٹیمیں میگا ایونٹ میں اس میچ سے قبل اپنے 6، 6 میچز کھیل چکی ہیں جن میں سے افغانستان 3 میں فاتح رہی جبکہ 3 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ نیدرلینڈ 6 میں سے صرف 2 میچوں میں ہی فتح سے ہمکنار ہوئی اور 4 میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

میگا ایونٹ میں پوائنٹس ٹیبل پر افغان ٹیم 8  پوائنٹس کیساتھ پانچویں نمبر پر آگئی ہے جبکہ پاکستان کانمبر اب چھٹا ہو گیا ہے جبکہ نیدرلینڈز کی ٹیم 4 پوائنٹس کیساتھ 8 ویں نمبر پر موجود ہے۔

Comments are closed.