بالآخر پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارتی ویزے مل گئے، کل روانگی ہوگی

52 / 100

فوٹو:فائل

اسلام آباد: بالآخر پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارتی ویزے مل گئے، کل روانگی ہوگی،پاکستان کو29 ستمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا وارم اپ میچ کھیلنا ہے۔

بھارت میں شیڈول کرکٹ ورلڈ کپ کےلئے پاکستان ٹیم کو ویزوں اجرا میں تاخیر کے باعث روانگی میں تاخیر ہوئی تاہم اب قومی اسکواڈ کے ویزے منظور ہوگئے ہیں۔

آئی سی سی کی طرف سے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارتی ویزے ملنے کی تصدیق کردی گئی اور کہا گیاہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری کردیے گئے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان نے آئی سی سی کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا تھا اور تاخیر کی شکایات کے بعد ورلڈکپ میں شرکت کے لیے ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق پی سی بی کے ترجمان عمر فاروق نے بھی ویزے جاری ہونےکی تصدیق کردی ہے،ترجمان کے مطابق ٹیم کو اپنے پاسپورٹ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن سے لینےکو کہہ دیا گیا ہے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے این او سی کے اجرا میں تاخیر کی وجہ سے پاکستان ٹیم کی ورلڈ کپ کے لیے روانگی غیر یقینی صورت حال کا شکار تھی جس پر پی سی بی نے آئی سی سی کو خط بھی لکھا تھا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو پیش رفت سے آگاہ کردیا ہے اورکہا ہےکہ پاکستان ٹیم کو ویزے جاری کردیے گئے ہیں اور جلد اسکواڈ ممبران کو پاسپورٹ اوردیگرسفری دستاویزات مل جائیں گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم بدھ کی علی الصبح بھارت کے لیے روانہ ہوگی جہاں وہ 29 ستمبر کو حیدر آباد میں پہلا وارم اپ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلےگی۔

Comments are closed.