چترال کے علاقے کیلاش میں پاک افغان سرحد پر2 حملے،4 جوان شہید، 12 دہشتگرد ہلاک

51 / 100

فوٹو: فائل

راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے ضلع چترال کے علاقے کیلاش میں پاک افغان سرحد پر2 حملے،4 جوان شہید، 12 دہشتگرد ہلاک، افغانستان سے آئے دہشتگردوں کے حملوں کا جواب دیتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے 4 جوان شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی بڑی تعداد نے جدید اسلحے کے ساتھ 2 فوجی چوکیوں پر حملہ کیا، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو مؤثر اور بروقت جواب دیا، سکیورٹی فورسزاوردہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

دہشتگردوں کی نورستان اور کنڑ سے نقل و حرکت کی اطلاعات ملی تھیں جس پر سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیوں سے دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔

سکیورٹی فورسز نے حملہ پسپا کرکے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید ہوئے اور 12 دہشت گرد ہلاک جب کہ بڑی تعداد میں شدید زخمی بھی ہوئے۔

اعلامیہ کے مطابق افغان صوبوں نورستان اور کنڑ میں دہشت گردوں کی نقل وحرکت سے افغان عبوری حکومت کو بروقت آگاہ کیا گیا تھا، امید ہےکہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرےگی۔

افغان حکومت پاکستان کےخلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے نہیں دے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، فورسز دہشتگردی کے خاتمے کیلیے پُرعزم ہے، جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

فوج کے ترجمان ادارے نے کہا کہ چترال کے عوام سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، توقع ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین دہشتگردی کیلیے استعمال نہیں ہونے دے گی، امید ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی.

Comments are closed.