جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لئے قومی خواتین ٹیم کااعلان

47 / 100

فائل:فوٹو

لاہور: پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر سلیم جعفر نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جو آئندہ ماہ جنوبی افریقا کے خلاف وائٹ بال سیریز میں حصہ لے گا۔پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کا انتخاب چیف سلیکٹر سلیم جعفر کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی اور کپتان ندا ڈار کے باہمی صلاح مشورے کے بعد عمل میں آیا ہے۔

جنوبی افریقا کی خواتین کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر آرہی ہے اور اس کیخلاف سیریز کے تمام میچز یکم سے 14 ستمبر تک نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

جنوبی افریقا کے خلاف اس دو طرفہ سیریز میں تین ٹی20 انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل ہوں گے۔ ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 2023-25 کا حصہ ہوں گے۔ تین ٹی20 انٹرنیشنل میچز یکم سے 5 ستمبر تک ہوں گے جبکہ ون ڈے سیریز 8 سے 14 ستمبر تک کھیلی جائے گی۔

اٹھارہ سالہ شوال ذوالفقار کو ٹی20 اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ آئندہ ماہ ہونے والے ایشین گیمز کے لیے پہلے ہی سلیکٹ ہوچکی ہیں۔

دائیں ہاتھ کی فاسٹ بولر ڈیانا بیگ کی ٹیم میں چھ ماہ کے بعد واپسی ہوئی ہے۔ وہ انگلی کی تکلیف سے مکمل طور پر صحت یاب ہوچکی ہیں، ان کی انگلی اس سال آسٹریلیا کے خلاف آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں زخمی ہوئی تھی۔

لیگ اسپنر سیدہ عروب شاہ کی تین سال بعد ٹی20 ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ وہ آخری مرتبہ 2020 کے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں کھیلی تھیں۔ اسی طرح آل راوٴنڈر نتالیہ پرویز کی 2018 کے بعد ٹی20 اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، وہ ون ڈے اسکواڈ میں ریزرو کھلاڑی کے طور پر بھی شامل ہیں۔ وکٹ کیپر نجیہہ علوی بھی 15 رکنی ٹی20 اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

ایمن امین، جویریہ خان، عائشہ نسیم (انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ)، سدرہ نواز اور طوبیٰ حسن جو ٹی20 ورلڈ کپ میں کھیلی تھیں اب ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

عمیمہ سہیل کو ٹی 20 سیریز کے لیے ریزرو میں رکھا گیا ہے جبکہ ون ڈے اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ام ہانی اور وحیدہ اختر کا سلیکشن عائشہ نسیم اور کائنات امتیاز کی جگہ عمل میں آیا ہے جو اس سال آسٹریلیا کے دورے میں شامل تھیں۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت تجربہ کار آل راوٴنڈر ندا ڈار کریں گی جنہوں نے بسمہ معروف کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی ہے۔ بسمہ معروف نے فروری میں ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد قیادت سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کا انتخاب چیف سلیکٹر سلیم جعفر کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی اور کپتان ندا ڈار کے باہمی صلاح مشورے کے بعد عمل میں آیا ہے۔

چیف سلیکٹر سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ کافی غور و خوص کے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ سیدہ عروب شاہ اور نتالیہ پرویز کو ٹی 20 فارمیٹ میں واپس لایا جائے کیونکہ ان کی حالیہ پرفارمنس اور فٹنس میں بہتری اچھی رہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ام ہانی کا ون ڈے اور ٹی20 میں سلیکشن ان کی غیرمعمولی آف اسپن صلاحیتوں کی وجہ سے ہوا ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ بولنگ اٹیک میں اہم کردار ادا کریں گی۔

سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولنگ کو مضبوط کرنے کے لیے ون ڈے اسکواڈ میں وحیدہ اختر کو شامل کیا گیا ہے جہاں پہلے ہی تجربہ کار ڈیانا بیگ اور فاطمہ ثنا موجود ہیں۔

ٹی 20 اسکواڈ میں ندا ڈار ( کپتان)، عالیہ ریاض، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، منیبہ علی، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، صدف شمس، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور ام ہانی۔ریزرو کھلاڑیوں میں انوشے ناصر، عمیمہ سہیل اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔

ون ڈے اسکواڈ میں ندا ڈار ( کپتان )، عالیہ ریاض، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، غلام فاطمہ، منیبہ علی، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سدرہ نواز، ام ہانی اور وحیدہ اختر۔ریزرو کھلاڑیوں میں نجیہہ علوی، نتالیہ پرویز اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔

پاکستانی خواتین ٹیم کی ٹیم منیجمنٹ اور اس کے ٹریننگ کیمپ کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم اسوقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہے اور یہ پاکستان کی اس چیمپیئن شپ میں تیسری ہوم سیریز ہوگی۔ اس سے قبل اس نے کراچی میں سری لنکا کو دو ایک سے اور لاہور میں آئرلینڈ کو تین صفر سے ہرایا تھا۔

جنوبی افریقا کی ٹیم27 اگست کو پاکستان پہنچے گی۔ وہ اسوقت آئی سی سی کی ویمنز چیمپیئن شپ رینکنگ میں نویں نمبر پر ہے۔ وہ ابتک آئرلینڈ کے خلاف ایک سیریز پچھلے سال جون میں کھیل چکی ہے جو اس نے تین صفر سے جیتی تھی۔

خیال رہے کہ پہلا ٹی 20 میچ یکم ستمبر، دوسرا 3 ستمبر اور تیسرا 5 ستمبر کو کھیلا جائے گا جبکہ پہلا ون ڈے 8 ستمبر، دوسرا 11 ستمبر اور تیسرا 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

Comments are closed.