پاکستان کی معاشی بحالی کا قومی پلان تیار، سول و عسکری قیادت کا مل کر بیڑا اٹھانے کا عزم

50 / 100

اسلام آباد: پاکستان کی سول و عسکری قیادت کا ملک کی معاشی ترقی کی رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق، وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کا پہلا اجلاس ہوا، قیادت نے معیشت کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو مل کر دور کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف ، وزراء اعلیٰ، وفاقی وصوبائی وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی ،اجلاس میں فریقین نے معیشت کی ترقی کی راہ میں رکاوٹوں پربریفنگ دی۔

پاکستان کی معاشی بحالی کا قومی پلان تیار،
سول و عسکری قیادت کا مل کر بیڑا اٹھانے کا عزم، غیر ملکی سرمایہ کاری کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کےلیے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل قائم کردی گئی۔

اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کا اعلامیہ

اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے اعلی سطح کے اجلاس میں آج پاکستان کی ’معاشی بحالی‘ کی جامع حکمت عملی جاری کر دی ہے۔

اکنامک ریوائیول پلان’ کے عنوان سے تیار کردہ اس قومی حکمت عملی کا مقصد پاکستان کو درپیش موجودہ معاشی مسائل اور بحرانوں سے نجات دلانا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق منصوبے کے تحت زراعت، لائیو اسٹاک، معدنیات، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور زرعی پیداوار جیسے شعبوں میں پاکستان کی اصل صلاحیت سے استفادہ کیا جائے گا۔

یہ بھی کہا گیا کہ منصوبے کے تحت ان شعبوں کے ذریعے پاکستان کی مقامی پیداواری صلاحیت اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری بڑھائی جائے گی۔ منصوبے کے تحت ’ایک حکومت‘ اور ’اجتماعی حکومت‘ کے تصور کو فروغ دیا جائے گا تاکہ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں۔

اس منصوبے پر عملدرآمد کو تیز کرنے کے لئے اسپیشل انوسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) بنادی گئی ہے جو سرمایہ کاروں اور سرمایہ کاری میں سہولت کے لئے ’سنگل ونڈو‘ کی سہولت کا کردار ادا کرے گی۔

منصوبے کے تحت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اشتراک عمل پیدا کیا جائے گا، طویل اور دقت کا باعث بننے والے دفتری طریقہ کار اور ضابطوں میں کمی لائی جائے گی، تعاون اور اشتراک عمل کا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔

یہ بھی کہ سرمایہ کاری اور منصوبوں سے متعلق بروقت فیصلہ سازی یقینی بنائی جائے گی جب کہ وقت کے واضح تعین کے ساتھ منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا، وفاق اور صوبوں میں ہم آہنگی لائی جائے گی تاکہ ایک ہی معاملے پر دوہری کوششوں کے رجحان کا خاتمہ ہو۔

وفاق اور صوبوں کی اعلی سطح شرکت تمام مشکلات کے باوجود معاشی بحالی کے قومی عزم کا واضح اظہار ہے۔

اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج معاشی بحالی کےحکومتی پلان پرعملدرآمدکی بھرپورحمایت کرتی ہے ،یہ سماجی،معاشی، خوشحالی،ا قوام عالم میں اپناجائزمقام واپس حاصل کرنےکی بنیادہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اسے پاکستان کی سماجی اور معاشی خوش حالی اور اقوام عالم میں اپنا جائز مقام واپس حاصل کرنے کی بنیاد سمجھتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ حکومت کو تباہی کے دہانے پر کھڑی معیشت ملی، معیشت کو مشکل، دلیرانہ فیصلوں سے بحران سے نکال کر واپس لارہے ہیں.

انھوں نے کہا کہ ابھی بہت بڑے چیلنجز ہمارے سامنے ہیں، معاشی بحالی کیلئے برآمدات بڑھانے والی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیصلہ ہوا کہ وفاق اور صوبوں میں شراکت داری کا انداز اپنایا جائے، سرمایہ کاروں کو اولین ترجیح دی جائے گی، جس سےمتوقع سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، نوجوانوں اور خواتین کو روزگار ملے گا۔

شہبازشریف نے کہا کہ ہماری توجہ نوجوانوں اورخواتین کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپوراظہار کے قابل بنانا، بااختیار بنانا ہے،ملک اورعوام کا حق ہے کہ معاشی ترقی اور خوش حالی سے ہمکنار کیا جائے۔

Comments are closed.