جیلوں میں خواتین کیساتھ مبینہ بدسلوکی،چیف جسٹس پاکستان نوٹس لیں، تحریک انصاف

50 / 100

فوٹو: پی ٹی آئی

لاہور: جیلوں میں خواتین کیساتھ مبینہ بدسلوکی،چیف جسٹس پاکستان نوٹس لیں، تحریک انصاف کا مطالبہ،جیلوں میں برے سلوک سے پہلے سوشل میڈ یا پر سڑکوں پر خواتین کو گھیٹنے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں۔

پی ٹی آئی کے نئےسیکرٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا ہے کہ زیرِحراست قیدیوں خصوصاً خواتین کارکنان کیلئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں۔

روف حسن نے کہا وزیرداخلہ رانا ثناء کی رات گئے کی گئی پریس کانفرنس کے بعد سیاسی قیدیوں خصوصاً خواتین کی آبرو کے حوالے سے سنگین خدشات نے جنم لیا ہے۔

وزیرِداخلہ رانا ثناءاللہ کی پریس کانفرنس پر پی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آیا ہے،۔پاکستان تحریک انصاف نے چیف جسٹس آف پاکستان سے فوری نوٹس کا مطالبہ کردیا۔

رؤف حسن نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان فوری طور پر اعلیٰ سطح کی تحقیقات ممکن بنائیں، ملک بھر کی جیلوں میں سیاسی قیدیوں بالخصوص خواتین کے ساتھ کیسا سلوک کیا جاتا ہے۔

 قانون اور گھروں کے تقدس کی کھلی خلاف ورزی پامالی کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائش گاہوں پر کیسے چھاپے مارے جا رہے ہیں؟

سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے اہل خانہ کو بغیر کسی قانونی اور عدالتی کارروائی کے کس طرح ہراساں کیا جا رہا ہے، دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور ان کے بنیادی آئینی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا رانا ثنا اللہ کی پریسر کے بعد اس معاملے نے بہت اہمیت اختیار کر لی ہے، رانا ثنا اللہ کی پریسر سے یہ واضح ہو چکا کہ ان کے جرائم کی پردہ پوشی پی ٹی آئی اور اس کے کارکنوں کو پھنسانے کی کوشش ہے۔

واضح رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اداروں کی بدنامی کےلیے پی ٹی آئی نے قتل اور ریپ کا منصوبہ بنایا ہے، خفیہ ایجنسیوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی کچھ کالز پکڑیں، آڈیو میں زیادتی کا جعلی ڈرامہ رچانے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی۔

وزیرداخلہ کے مطابق معاملے کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا رنگ دیا جانا تھا، انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بروقت ڈرامہ پکڑ لیا، تاہم انھوں نے جو منصوبہ پکڑنے کا دعوی کیا ہے اسے میڈیا کے سامنے نہیں لایا گیا نہ ہی اس کی مزید تفصیلات بتائیں جس سے خدشات نے جنم لیا۔

Comments are closed.