لندن پلان ہے کہ میری اہلیہ بشریٰ بیگم کو جیل میں ڈال کر مجھے ذلیل کیا جائے،عمران خان

45 / 100

فائل:فوٹو

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ لندن پلان مکمل طور پر سامنے آچکا ہے، میری گرفتاری کے بعد جو پْرتشدد واقعات ہوئے انہیں بہانہ بنا کر اب میرے خلاف بغاوت کا مقدمہ قائم کیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹس میں عمران خان نے کہا کہ لندن پلان یہ ہے کہ میری اہلیہ بشریٰ بیگم کو جیل میں ڈال کر مجھے ذلیل کیا جائے اور مجھے اگلے دس سال تک جیل میں رکھنے کے لیے بغاوت کا مقدمہ استعمال کیا جائے، حکمرانوں نے جج، جیوری اور executioner یعنی سزا پر عملدرآمد والا کردار بھی خود ہی سنبھال لیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ اس کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف مکمل کریک ڈاوٴن کر کے پاکستان کی سب سے بڑی اور واحد وفاقی جماعت پر پابندی لگائی جائے گی ، جس طرح مشرقی پاکستان میں عوامی لیگ پر پابندی لگائی گئی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ عوامی رد عمل سے محفوظ رہنے کے لئے حکومت آج دوبارہ انٹرنیٹ سروسز معطل کر دے گی اور سوشل میڈیا پر پابندی لگا دے گی، یہ جان بوجھ کر لوگوں میں اتنا خوف پیدا کرنے کی کوشش ہے تا کہ آج جب مجھے گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے تو لوگ باہر نہ آئیں۔

عمران خان نے کہا کہ جے یو آئی ( ف ) کا آج سپریم کورٹ کے باہر جو ڈرامہ کیا جا رہا ہے وہ صرف ایک مقصد کے لیے ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کو زیر کیا جاسکے تاکہ وہ آئین کے مطابق فیصلہ نہ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کے نام میرا پیغام ہے کہ میں حقیقی آزادی کے لیے اپنے خون کے آخری قطرے تک لڑوں گا کیونکہ میرے لیے ان بدمعاشوں کی غلامی سے موت بہتر ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میں اپنے تمام لوگوں سے گزارش کرتا ہوں کہ یاد رکھیں کہ ہم نے لا الہ الا اللہ کا عہد کیا ہے کہ ہم ایک (اللہ) کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے، اگر ہم خوف کے بت کے آگے جھکیں گے تو ہماری آنے والی نسلوں کے لیے صرف ذلت و رسوائی ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ جن معاشروں میں ناانصافی ہوتی ہے اور جنگل کا قانون ہوتا ہے وہ زیادہ دیر زندہ نہیں رہتے۔

Comments are closed.