عمران خان کی دو مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت آج ہوگی

50 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی دو مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت آج ہوگی ۔

عدالت پیش ہونے کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان زمان پارک سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔عمران خان دیگر گاڑیوں کے قافلے کے ہمراہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد روانہ ہوئے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق دوپہر اڑھائی بجے سماعت کریں گے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف ایک مقدمہ بغاوت اور دوسرا اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے۔عمران خان کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے میں کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کا داخلہ ممنوع ہو گا، پولیس، رینجرز اور ایف سی کی بھاری نفری سکیورٹی کے فرائض انجام دے گی۔

کمرہ عدالت میں داخلہ صرف خصوصی پاسز سے مشروط ہو گا، عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلاء کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے 30 ممبران اور صحافی کمرہ عدالت میں داخل ہوسکیں گے جبکہ اٹارنی جنرل آفس کے 10 وکلاء کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہو گی۔

دوسری جانب ذرائع نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے وزارت داخلہ کو عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے اہم رہنماوٴں کی گرفتاری کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے جس کے بعد عمران خان کو عدالت میں پیشی کے بعد گرفتار کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

Comments are closed.