پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرا ایک روزہ میچ اور سیریز جیت لی

52 / 100

فوٹو: پی سی بی 

کراچی: پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرا ایک روزہ میچ اور سیریز جیت لی، میزبان ٹیم کو مہمان کیویز کے خلاف 5 میچز کی سیریز میں 3 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے. 

نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان نے 12 سال بعد ایک روزہ میچز کی سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے، پاکستان نے 2011 میں آخری مرتبہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی تھی۔

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کےلیے 288 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں کیوی ٹیم 261 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی. 

 ٹاس نیوزی لینڈ نے جیت کر پہلے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ مسلسل تین اننگز میں سنچریاں بنانے والے فخر زمان اس بار نہ چل سکے اور صرف 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1653820474361790464?t=zNiqsKKaZe-CMXHoGVetJA&s=19

اس کے بعد امام الحق اور بابر اعظم کے درمیان سنچری پارٹنرشپ نے ٹیم کے لیے بڑے اسکور کی بنیاد ڈالی۔ بابر اعظم اپنی 26ویں نصف سنچری بنانے کے بعد 145 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 54 رنز اسکور کیے۔ 

اس کے بعد عبداللّٰہ شفیق آج بھی متاثر کن پرفارمنس نہ دے سکے اور صرف 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، دوسری جانب موجود امام الحق محتاط انداز میں رنز بناتے رہے۔ 

امام الحق اس وقت بدقسمت ٹھہرے جب 90 کے اسکور پر ایڈم ملن کی گیند پر بولڈ ہوگئے اور سنچری نہ بنا سکے،  محمد رضوان اور آغا سلمان نے بالترتیب 32، 31 رنز بناکر ٹیم کے اسکور کو بہتر بنایا۔ 

میچ کے اختتامی لمحات میں شاداب خان نے 21 اور محمد نواز نے 11 رنز بنائے جبکہ پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بناسکی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری کامیاب بولر ٹھہرے، انہوں نے 3 وکٹیں لیں۔ ایڈم ملن نے دو جبکہ کول میک کونچی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 کیوی ٹیم کو ہدف کے تعاقب میں زبردست آغاز ملا ، اوپننگ بلے باز ٹام بلنڈل اور ول ینگ نے 83 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، تاہم اس کے بعد بیٹرز جم کر نہ کھیل سکے.

نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹام بلنڈل نے 65 اور کولن میک کونچی نے 61 رنز کی اننگز کھیلیں جبکہ ان کے علاوہ کپتان ٹام لیتھم نے 45 اور ول ینگ نے 33 رنز بنائے۔ 

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 261 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، اس طرح قومی ٹیم اس میچ میں 26 رنز سے فاتح رہی۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ نے دو دو وکٹیں لیں، آغا سلمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا  امام الحق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. 

Comments are closed.