سوڈان سے غیر ملکی سفارت کاروں اور شہریوں کی بحفاظت واپسی کا عمل جاری

45 / 100

فوٹو:انٹرنیٹ

خرطوم: سوڈان میں ملکی فوج اور باغی پیرا ملٹری فورس کے درمیان خانہ جنگی میں شدت آگئی جس کے باعث غیر ملکی سفارت کاروں اور شہریوں کی ان کے وطن بحفاظت واپسی کا عمل شروع ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے 90 اور امریکا نے 100 کے قریب سفارت کاروں معہ اہل خانہ اور اپنے شہریوں کو سوڈان سے فضائی، بری اور بحری راستوں سے واپس بلالیا۔

اسی طرح فرانس، برطانیہ اور جرمنی سمیت کئی یورپی اور افریقی ممالک نے بھی اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کو سوڈان سے نکال لیا جن کی مجموعی تعداد 200 بنتی ہے۔

اب بھی سوڈان میں دہری شہریت کے حامل امریکی اور دیگر ممالک کے ہزاروں شہری سوڈان میں پھنسے ہوئے ہیں جن کی واپسی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے باعث 20 ہزار افراد غیر قانونی طور پر سرحد پار کرکے پڑوسی ملک چاڈ پہنچ گئے اور کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔

خیال رہے کہ متحارب گروپس کے درمیان عید پر تین روز کی جنگ بندی کے باوجود خونی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک 400 سے زائد افراد ہلاک اور 5 ہزار کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

Comments are closed.