ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے
فوٹو: فائل
اسلام آباد: ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے، صدرِ مملکت عارف علوی نے نماز عید فیصل مسجد میں ادا کی۔
اسلام آباد میں عید کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے علاوہ اعلیٰ سرکاری افسران اور مسلم ممالک کے سفراء نے نماز عید ادا کی۔
ملک کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کئے گئے۔
عید الفطر کے موقع پر شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
علمائے کرام نے اپنے خطبات میں عیدالفطر کی اہمیت اور فلسفہ پر روشنی ڈالی اور ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں نماز عید ادا کی، اس موقع پر حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز سمیت پارٹی کے اہم رہنما بھی موجود تھے، وزیر اعظم شہباز شریف نماز عید ادا کر کے جاتی امراء روانہ گئے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ نے گڑھی خدا بخش بھٹو،وزیر دفاع خواجہ آصف نے جامع مسجد خواجہ صفدر کینٹ میں نماز عید ادا کی۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود، سینیٹر عطاء الرحمان و دیگر نے نماز عید ڈی آئی خان، وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع نے نماز عید قلعہ عبداللہ، آغا سید محمود شاہ نے قلات میں ادا کی۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں عید کی نماز ادا کی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور میں عید کی نماز پڑھائی، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے لیاقت باغ میں عید نماز ادا کی۔
کراچی کے پولوگراؤنڈ (باغ جناح) میں گورنر سندھ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی نے عید کی نماز ادا کی، نماز عید میں سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
پشاور میں مرکزی اجتماع عیدگاہ چارسدہ روڈ پر ہوا، گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور نگراں وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے گورنر ہاؤس پشاور میں نماز عید ادا کی اور عوام کو عید کی مبارکباد دی۔
کوئٹہ میں نماز عید کے 200 سے زائد اجتماعات کھلے مقامات، پارکوں، مسجدوں، امام بارگاہوں اور عیدگاہوں میں ہوئے جبکہ مرکزی اجتماع عیدگاہ توغی روڈ پر ہوا۔
بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں عید کی نماز ادا کی۔
Comments are closed.