زمان پارک پولیس آپریشن روکنے، مقدمات کے اندراج کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ
فائل:فوٹو
لاہور ہائیکورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے زمان پارک پولیس آپریشن روکنے اور ایک ہی نوعیت کے مقدمات کے اندراج کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
ہائیکورٹ میں عمران خان کی ایک ہی نوعیت کے مقدمات درج کرنے کیخلاف اور ممکنہ زمان پارک آپریشن روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عمران خان عدالت میں پیش ہوئے۔
جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ اس درخواست میں ہمیں کچھ فوری نوعیت کا نظر نہیں آیا، ماضی قریب میں ہم نے زمان پارک کے باہر بہت افسوسناک صورتحال دیکھی ہے
جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ انصاف کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے ،
سرکاری وکیل نے کہا کہ درخواست گزار ایسا ریلیف مانگ رہا ہے جس کی بنیاد صرف خدشات ہیں ، ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق کوئی آپریشن پلان نہیں کیاگیا، لیکن مختلف کیسز میں جے ائی ٹیز بنی ہیں اگر کوئی شواہد سامنے آتے ہیں تو قانون نافذ کرنے والے ادارے کارروائی کریں گے۔
جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ اگر درخواست گزار ضمانت پر ہیں تو پھر آپ انہیں ہاتھ نہیں لگا سکتے، آپ عید کے دنوں میں کچھ نہیں کریں گے۔
عمران خان نے روسٹرم پر آکر کہا کہ ان کی باتوں سے مجھے اب کنفرم ہوگیا ہے یہ ایکشن لیں گے، میں نے شورٹی بانڈ دیا اور اسلام آباد گیا، لیکن انہوں نے میرے گھر پر حملہ کیا، مجھے اطلاع ہے انہوں نے میرے گھر ایکشن کرنا ہے۔
جسٹس انوار الحق نے کہا کہ اپنی اپنی باری پر ہر کوئی تشدد کرتا ہے ، عید کا موقع ہے ایک دوسرے کو گلے ملیں۔
عمران خان نے کہا کہ یہ قوم مجھے پچاس سال سے جانتی ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ خان صاحب آپ کی یہ باتیں ہم بہت بار سن چکے ہیں، ہم چاہتے ہیں آپ کوئی نئی بات کرین قوم کو مستقبل کا پلان دیں۔
لارجر بینچ نے عمران خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو آج ہی سنایا جائے گا۔
Comments are closed.