وفاقی کابینہ نے پنجاب الیکشن پرسپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد کردیا
فوٹو: فائل
اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے پنجاب الیکشن پرسپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد کردیا، جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کل پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
وزیر اعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں الیکشن سے متعلق آج ہونے والے سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کاکہنا ہے وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے الیکشن سے متعلق فیصلے کو پارلیمنٹ کی قرارداد سے متصادم قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ اقلیتی فیصلہ ہے لہذا کابینہ اسے مسترد کرتی ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ قابل عمل نہیں ہے۔
وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر ایوان میں آواز بلند کرے گی، اتحادی جماعتیں ایوان میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات کریں گی۔
سپریم کورٹ کےفیصلہ پر ایوان میں حکومتی ارکان اپنی آرا دیں گے،کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے متعلق مختلف آپشنز زیر غور ہیں۔
اجلاس میں اتفاق ہوا کہ کوئی فورم خالی نہیں چھوڑا جا سکتا، اقلیتی فیصلے کو زبردستی اکثریت پر نہیں تھوپا جا سکتا۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ملک کسی بھی آئینی اور سیاسی بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا ، تمام اتحادیوں نے وزیر اعظم کو مکمل اعتماد کا یقین دلایا۔
واضح رہے آج سپریم کورٹ کے3 رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کا 8 اکتوبر کو پنجاب میں انتخابات کرانے کا حکم کالعدم قرار دیا اورصوبائی اسمبلی میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔
Comments are closed.