آج کہاں ہے وہ 5 کا ٹولہ؟ سب اپنی جگہ رہ کر خون کے آنسو رو رہے ہیں، مریم نواز

50 / 100

ملتان: مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کہتی ہیں کہ باجوہ صاحب جب ریٹائر ہوئے تو انہوں نے لوگوں سے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ ہم سے عمران خان جیسا بلنڈر ہوا ہے، یہ پاکستان کے 75سالوں میں تاریخ کا سب سے بڑا بلنڈر تھا.

ملتان میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا صرف بلنڈر کرنے کا اعتراف کافی نہیں بلکہ اس فتنے کو اٹھا کر سیاست سے باہر پھینکنا پڑے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ مجھے، نواز شریف اور شہباز شریف کو شدید احساس اور تکلیف ہے کہ آج مہنگائی ہے، آپ کے گھروں میں مشکلات ہیں، میرا آپ کے ساتھ دھڑکتا ہے لیکن آپ سب کو پتا ہے کہ یہ مہنگائی کس کی عطا کی ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا قوم گواہ ہے کہ جب جب نواز شریف کی حکومت آئی، تب تب پاکستان نے بلندیوں کا سفر کیا، ہر بار جب نواز شریف کی حکومت آئی تو مہنگائی بھی کم ہوئی، پاکستان میں ترقی بھی آئی، بڑے بڑے منصوبے بھی آئے اور آج میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ پاکستان کے 75سال میں نواز شریف کے 9سال نکالو تو کھنڈرا کے سوا کچھ نہیں بچتا۔

ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں بھی نواز شریف کو اجڑا ہوا پاکستان ملا تھا، ہچکولے کھاتی ہوئی معیشت ملی تھی لیکن 2013 سے 2017 تک جب نواز شریف وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھا تھا تو تاریخ گواہ ہے کہ نہ بجلی کی قیمت بڑھی، نہ آٹے کی قیمت بڑھی، چار سال نہ چینی کی قیمت بڑھی نہ تیل کی قیمت بڑھی۔

مسلم لیگ(ن) کی رہنما نے کہا کہ 75سال کی تاریخ میں مسلم لیگ(ن) کی واحد حکومت رہی جس میں چار سال آٹا 35روپے کلو رہی، چینی 50 سے 55 روپے کلو رہی اور گھی 140 روپے کلو رہا، وہ بھی وقت تھا کہ روٹی دو روپے اور پانچ روپے کی ملتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے معاہدے سے قیمتیں نہیں بڑھتیں، نواز شریف نے 2016 میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا تھا لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ ایک معاہدہ عمران خان بھی کر کے گیا، آج ہمیں جو قیمتیں بڑھانی پڑ رہی ہیں وہ اس معاہدے کی وجہ سے ہیں جو عمران خان کر کے گیا اور جاتے جاتے اس معاہدے کو پھاڑ کر اور بھی زیادہ تباہی کر کے گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج آئی ایم ایف کہتی ہے کہ عمران خان نے جو دھوکا دیا اس کی وجہ سے ہم آپ کی بات نہیں سنیں گے، پہلے قیمتیں بڑھاؤ اس کی بعد بات سنیں گے، اگر آئی ایم ایف کی بات سنیں تو مہنگائی ہوتی ہے اور اگر آئی ایم ایف کی بات نہ سنیں تو ملک دیوالیہ ہونے کو آ جاتا ہے، ہمارے ہاتھ اس آئی ایم ایف کے معاہدے نے باندھے ہیں.

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو تو نواز شریف سے ترقی کرتا ہوا پاکستان ملا تھا، وہ اس کو کھنڈر میں تبدیل کر کے چلا گیا، خود زمان پارک کے بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہے، خواتین کو بلا کر زمان پارک میں کھڑا کیا ہوا ہے کہ کہیں مجھے پولیس پکڑ کر نہ لے جائے۔

انہوں نے کہا کہ آج کہاں ہے وہ 5 کا ٹولہ؟ سب اپنی جگہ رہ کر خون کے آنسو رو رہے ہیں، مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ تو ہونا ہی تھا، نواز شریف یا شہبازشریف نے کوئی انتقام نہیں لیا، ایک چیز ہے کہ جس کا نام ہے مکافات عمل، وہ دنیا کی سب سے بڑی حقیقت ہے، حساب کتاب صرف آخرت میں نہیں بلکہ اس دنیا میں بھی ہو گا۔

Comments are closed.