وزیراعظم عمران خان کا پاکستان ٹورازم سمٹ سے خطاب
اسلام آباد(زمینی حقائق)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ملک کی اشرافیہ گرمیوں کی چھٹیاں بیرون ملک مناتی ہے کیونکہ وہ اپنے ملک کی خوبصورتی سے بے خبر ہے
پاکستان جس قدر خوبصورت اور متنوع سیاحتی مقامات ہیں دنیا میں کسی ایک ملک کے پاس نہیں ہیں مگر بدقسمتی سے ان سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔
اسلام آباد میں پاکستان ٹورازم سمٹ سے خطاب میں انکا کہنا تھا کہ انکی حکومت ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے کیونکہ اس سے نہ صرف قیمتی زر مبادلہ آئیگا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انھوں نے دنیا بھر میں سیروسیاحت کی ہے مگر جتنا تنوع پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں ہے دنیا کے کسی ملک میں نہیں ہے۔
ہندوکش کے پہاڑوں سے نیلگوں ساحلوں اور وزیرستان کی سنگلاخ چٹانوں سے چولستان اور سندھ کے صحراوں تک ہر جگہ سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں۔ حکومت ان مواقع سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے لوگ انتہائی مہمان نواز ہیں اور غیر ملکی سیاح پاکستانیوں کی مہمان نوازی سے انتہائی متاثر ہوتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کے بھی بے پناہ مواقع ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انھوں نے شہروں میں کثیر المنزلہ عمارتیں بنانے کی اجازت دی ہے تاکہ شہر زیادہ نہ پھیلیں۔
شہروں میں وسعت سے سبزہ ختم ہورہا جس سے ماحول پر برا اثر پڑتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نجی شعبہ سیاحت کے شعبے میں مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔
Comments are closed.