حکومت نے نئی ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا اعلان کر دیا


اسلام آباد(ویب ڈیسک) تحر یک انصاف حکومت کے وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر نے نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم لانے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملکی اور غیر ملکی اثاثوں کو ظاہر کرنے کیلئے ٹیکس ایمنسٹی لائی جائے گی جو کہ بجٹ سے پہلے پیش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ٹیکس ایمنسٹی کا پر زور مطالبہ کررہی ہے اور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے خدوخال تیار کیے جارہے ہیں۔

اسد عمر کا کہنا ہے کہ معیشت سے متعلق تمام فیصلے میں کررہا ہوں، پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کا منصوبہ پیر کو ای سی سی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی بحالی کا مجوزہ منصوبہ مجھے دکھایا گیا لیکن میں نے پی آئی اے بحالی منصوبہ میں کچھ ترامیم تجویز کیں، نئے منصوبے کی تیاری میں کچھ وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا تعین نیپرا کرتا ہے اور اب بھی وہی کرے گا، آئندہ بجٹ میں نان فائلرز پر ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کر دیں گے۔

پی ٹی آئی کے دو بڑوں کی لڑائی کے حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین پر سرکاری عہدہ سنبھالنے پر پابندی لگائی ہے، ان کے سانس لینے پر پابندی نہیں لگائی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کابینہ اجلاس میں کسی کو بھی بلاسکتے ہیں اور جہانگیر ترین بھی وزیر اعظم کی اجازت سے کابینہ اجلاس میں بیٹھے، سرکاری فیصلے بند کمروں میں نہیں ہوتےہیں۔

Comments are closed.