ریڈیوایبٹ آبادہزارہ کی آواز ہے،بندنہیں ہونےدیں گے،علی خان جدون
ایبٹ آباد (صفدر حسین )تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی خان جدون نے ریڈیو پاکستان ایبٹ آباد سٹیشن کی بندش کا معاملہ قومی اسمبلی اور اعلیٰ سطح پر اٹھانے کی یقین دہانی کرا دی۔
علی خان جدون نے کہا ہزارہ سے اس کی آوازاور شناخت چھیننے کی ہر کوشش ناکام بنادیں گے ،ہم سات اضلاع کی آواز بند کر نے کی کسی کو اجازت نہیں دے سکتے۔
ریڈیوپاکستان ایبٹ آباد سٹیشن کو بند کرنے کے حوالے سے ریڈیو ملازمین ،فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے افراد اور صحافی برادری میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے اسی سلسلہ میں صحافیوں کے وفد نے علی خان جدون سے ملاقات کی اور انھیں کردار ادا کرنے کے لیے کہا گیا۔
ہزارہ ڈویژن کے سات اضلاع پر مشتمل لاکھوں افراد کی شناخت اور آوازسمجھاجانے والا ریڈیو پاکستان ایبٹ آباد کو مقامی زبان و ثقافت کی ترقی و ترویج اور علاقائی و قومی خبروں کی ترسیل کا ایک مستند ذریعہ سمجھا جاتا ہے ۔
گذشتہ کئی دہائیوں سے ہزارہ ڈویژن میں ٹی وی سٹیشن کے قیام کیلئے بھی مسلسل آواز اٹھائی جاتی رہی ،تاہم پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے میڈیا کے حوالے سے مبہم اور غیر واضح پالیسی کے نتیجے میں ہزارہ کے واحد سرکاری ریڈیو سٹیشن کو بھی بند کرنے کی اطلاعات گردش کررہی ہیں ۔
اس حوالے سے گذشتہ روز ٹی وی اور ریڈیو کے صحافیوں پر مشتمل ایک وفد نے رکن قومی اسمبلی علی خان جدون سے ملاقات کی اور انہیں خدشات سے آگاہ کیا ۔وفد میں یاسر رفیق اعوان ،طاہر محمود ،خرم بیگ ،کمال احمد ،جواد احمد مغل ،عدیل ملک ،عاصمہ داؤد اور فرزانہ اقبال شامل تھے ۔
وفدنے علی خان جدون کے ریڈیو ملازمین کے تحفظات اور عوامی خدشات کے حوالے سے آگاہ کیا،جس پر رکن قومی اسمبلی علی خان جدون نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ہزارہ کے حقوق کی ہر سطح پرآواز بلند کریں گے۔
انھوں نے کہا ریڈیو پاکستان ایبٹ آباد کے حوالے سے متعلقہ اداروں سے بھی بات چیت کریں گے ۔انہوں نے کہا ہزارہ کی آواز اور شناخت کو کسی صورت ختم نہیں ہونے دیں گے ۔
Comments are closed.