مولانا فضل الرحمان ہماری ٹریننگ میں آ جائیں، بلاول بھٹو زرداری
اسلام آباد(ویب ڈیسک )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کی شاگردی کرنے کی بجائے فضل الرحمان کو مشورہ دیا ہے کہ ہماری ٹریننگ میں آجائیں تو ملک کیلئے بہتر ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان نے ایک روز قبل جیو نیوز کے پروگرام میں کہا تھا کہ بلاول بھٹو کو تھوڑی سی سیاست کرنے دیں، وہ آئیڈیل باتیں کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ میں نے زرداری صاحب سے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو میری شاگردی میں لائیں، زرداری صاحب نے تو بہت کچھ سیکھا مجھ سے، اب بلاول کو بھی ذرا لائیں۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جواب میں نو ڈیرو ہاوٴس میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی عزت کرتا ہوں، میں نوجوان ہوں اور میری نئی سوچ ہے لہٰذا مولانا صاحب ہماری ٹریننگ میں آجائیں۔
ادھر بلاول کی شاگردی کے معاملے پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حسین احمد کا رد عمل میں کہنا تھا کہ آصف زرداری بلاول کو فضل الرحمان کو دیں گے نہ شیخ رشید کے حوالے کریں گے کیوں کہ بلاول، آصف زرداری کا اثاثہ ہیں وہ انہیں سنبھال کے رکھیں گے۔
حافظ حسین احمد نے کہا کہ بلاول، آصف زرداری کے پاس ہی رہے تو ان کی سیاست کی گاڑی چلے گی۔
Comments are closed.