پی سی بی کی سفارشات مسترد، وزیراعظم کا 6 ریجنل ٹیمیں بنانے کامشورہ
اسلام آباد(زمینی حقائق )وزیراعظم عمران خان نے ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر بنانے کے لیے پی سی بی کے تمام مجوزہ پلان مسترد کردئیے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لیے اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز ہارون رشید کی جانب سے بریفنگ شروع کی گئی تو وزیراعظم نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 40 سال کرکٹ کھیلی ہے۔
انھوں نے کہا مجھے کرکٹ پر بریفنگ کی ضرورت نہیں، کرکٹ ٹھیک کرنی ہے تو مصلحتوں سے باہر آئیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کسی سسٹم نے بھی پاکستان کرکٹ کو بہتر نہیں کیا، کھلاڑی صرف غیر معمولی ٹیلنٹ پر آگے آتے ہیں سسٹم انکی سپورٹ نہیں کرتا۔
وزیراعظم عمران خان نے کرکٹ بورڈ حکام کو ہدایت کی کہ آسٹریلیا طرز پر فرسٹ کلاس کرکٹ کی صرف 6 ٹیمیں بنائیں، پنجاب سے دو ٹیمیں، اسلام آباد اور دیگر صوبوں سے ایک ایک ٹیم بنائی جائیں۔
ایسا سسٹم ہو کہ ریجن کے لیے کھیلنا اتنا ہی مشکل بن جائے جتنا انٹرنیشنل ٹیم کے لیے کھیلنا مشکل ہوتا ہے۔ جو سسٹم میں بتا رہا ہوں اس سے پاکستان کا مقابلہ دنیا کی کوئی ٹیم نہیں کر سکتی۔
پی ایس ایل پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ کیسا سسٹم ہے کہ پی ایس ایل جیتنے والی کوئٹہ کی ٹیم میں ایک بھی مقامی کھلاڑی نہیں تھا۔
اجلاس میں سیکرٹری آئی پی سی اکبر درانی، چیئرمین پی سی بی احسان مانی، لیفٹینٹ جنرل (ر) مزمل حسین، ایم ڈی پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم گلزار خان، سبحان احمد، مدثر نذر، ہارون رشید و دیگر شریک ہوئے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں کرکٹ کی موجودہ صورتحال ، ملک میں کرکٹ کے تنظیمی ڈھانچے اور اس شعبے میں ملکی ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
کہا آسٹریلیا ڈومیسٹک ماڈل اپناتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ میں صرف چھ ٹیمیں رکھی جائیں۔ جو سسٹم میں بتا رہا ہوں اس سے پاکستان کا مقابلہ دنیا کی کوئی ٹیم نہیں کر سکتی۔ چالیس سال کرکٹ کھیلی ہے، مجھے کرکٹ پر بریفنگ کی ضرورت نہیں۔
Comments are closed.