وزیر اعظم کی بلوچستان میں سیلاب سے جاں بحق افراد کے ورثا کو فوری معاوضہ دینے کی ہدایت
کوئٹہ: وزیر اعظم کی بلوچستان میں سیلاب سے جاں بحق افراد کے ورثا کو فوری معاوضہ دینے کی ہدایت، این ڈی ایم اے کو رقم 24 گھنٹے میں ادا کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
جزوی یا مکمل تباہ ہونے والے کچے اور پکے مکانات کے معاوضہ کو بھی یکساں کرکے اور بڑھا کر پانچ لاکھ روپے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے.
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے. کوئٹہ پہنچنے پر وزیرِ اعظم کو چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا قومی المیہ ہے کہ ماضی میں ڈیموں کی تعمیر پر توجہ نہیں دی گئی۔ موجودہ چیلنج بہت بڑا ہے مگر ہم متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ بحالی اور امداد کیلئے این ڈی ایم اے ،اور پی ڈی ایم اے ، صوبائی انتظامیہ اور این ایچ اے کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس کا جال پھیلایا جائے غیر معمولی بارشوں سے وسیع پیمانے پر نقصان اورقیمتی انسانی جانوں کے نقصان کیساتھ انفراسٹرکچر کچر تباہ ہوا۔ وفاق اور بلوچستان حکومت قومی جذبے سے بحالی اور آبادکاری کیلئے پرعزم ہیں۔جب تک آخری گھر آباد نہیں ہوتا حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔
وزیرِ اعظم نے مقامی اور بین الاقوامی تنظیموں سے بھی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے حکومت کی معاونت کی اپیل کی چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی اور رمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے بریفنگ میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 13 جون کو بارشوں کا پری مون سون سلسلہ شروع ہوا. تیس سال کی اوسط کے مقابلے بلوچستان میں تقریباً 500 فیصد زیادہ بارش ہوئی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اب تک بلوچستان میں اموات کی کل تعداد 136 ہے جبکہ 70 افراد زخمی ہیں۔ 1100 لوگ معمولی زخمی ہوئے جنہیں فرسٹ ایڈ دی گئی۔ 2 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آگئی۔ 20 ہزار 500 لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔موٹروے ایم 8 اور کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بڑی حد تک بحال کردی گئی ہیں
قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے بلوچستان دورے پر لاہور سے کوئٹہ پہنچنے پر ہوائی اڈے پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے استقبال کیا جبکہ صوبائی وزرا اور اعلیٰ حکام بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔۔۔
Comments are closed.