پاکستان نے افغانستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی اشیاء کی پہلی کھیپ بھجوادی

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان نے افغانستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی اشیاء کی پہلی کھیپ بھجوادی، متاثرین کیلئے امدادی سامان لے کر ایئرفورس کا خصوصی طیارہ سی-130 افغانستان روانہ ہوا۔

افغانستان میں تعینات پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے بھی ٹوئٹرپر بیان میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی جانب سے پاکستان نے ریلیف کے سامان پر مشتمل آج پہلا سی-130 افغانستان روانہ کیا ہے۔

پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے کہا آنے والے دنوں میں مزید امدادی اشیاء پر مشتمل پاکستان ایئر فورس کا ایک اور طیارہ سی-130 بھیجے جانے کا امکان ہے۔

انھوں نے بتایا کہ امدادی سامان مزار شریف میں افغان ڈیزاسٹر ریلیف تنظیموں کو ہمارے ناظم الامور کی طرف سے دیاجائے گا۔ سامان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے خیموں، کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات شامل ہیں۔

http://

انہوں نے کہا حکومت پاکستان کی ہدایت پر افغانستان میں سیلاب متاثرین کے لیے پاکستان کی طرف سے امدادی اشیاء کی پہلی کھیپ پاکستان ایئر فورس کے خصوصی طیارے کے ذریعے آج افغانستان پہنچا دی گئی ہے۔

امدادی اشیاء میں 100 خیمے، 2 ٹن آٹا، 1 ٹن چاول، 450 کلو چینی شامل ہیں۔ امدادی اشیاء کی دوسری کھیپ 9 مئی کو روانہ ہوگی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا افغانستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے پاکستان ہر ممکن کوشش کرے گا۔

Comments are closed.