اسلام آباد یونائٹیڈ کی جیت، کراچی کنگ ٹورنامنٹ سے آوٹ
کراچی(سپورٹس ڈیسک )پی ایس ایل فور کے ایلیمنیٹر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد مقامی ٹیم کراچی کنگز کو ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 162 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کرلیا وننگ شارٹ شاداب خان نے لگایا۔
نیشنل اسٹڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کراچی کی جانب سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور کولن منرو نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 52 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔
کولن منرو 11 گیندوں پر 32 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کی دوسری وکٹ 102 رنز پر اس وقت گری جب لونگ اسٹون 30 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے اور پھر جلد ہی بابراعظم بھی 42 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئے۔
تین کھلاڑیوں کے آوٴٹ ہونے کے بعد کراچی کا کوئی بھی کھلاڑی اسلام آباد کے بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنا سکی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے موسیٰ خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ فہیم اشرف نے دو جب کہ رومان رئیس اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آج کا میچ جیتنے والی اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم اب پشاور زلمی سے فائنل کھیلنے کی دوڑ میں مد مقابل ہوگی۔
Comments are closed.