عمر امین گنڈا پور کی نااہلی ختم، ایک دن میں انصاف مل گیا
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)عمر امین گنڈا پور کی نااہلی ختم، ایک دن میں انصاف مل گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے نااہل کرنے کا الیکشن کمیشن کا حکم نامہ معطل کردیا۔
وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور نے الیکشن کمیشن کافیصلہ کالعدم قرار دینے کے ساتھ فیصلے کی معطلی کی متفرق درخواست بھی دائر کی تھی جس میں درخواست کو فوری سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ۔
عمر امین گنڈا پور نے آج عدالت سے رجوع کیا آج ہی انصاف مل گیا، الیکشن کمیشن نے ان کو ڈیرہ اسمعٰیل خان کے سٹی میئر کے الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا تھا جسے انہوں نے آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
عمر امین گنڈا پور کی درخواست میں الیکشن کمیشن، چیف الیکشن کمشنر، ریجنل الیکشن کمشنر اور سینیٹر کامران مرتضیٰ کو بھی فریق بناتے ہوئے کہا گیا تھا الیکشن کمیشن شفافیت کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہا۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ قانون کے مطابق شک کا فائدہ امیدوار کو ملنا چاہیے تھا، سمری انکوائری کے بغیر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزارکے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نوٹس نہیں دیا گیا اور ساری کارروائی علی امین کے خلاف ہوتی رہی پھر آرڈر عمر امین کے خلاف جاری کردیا۔
وکیل نے دلائل کے دوران کہا کہ سمری انکوائری کے بعد 50 ہزار تک جرمانہ کیا سکتا ہے اور دوسری مرتبہ خلاف ورزی ہوتو ایکشن ہوسکتا ہے،عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد الیکشن کمیشن کا عمر امین کو نااہل کرنے کا حکم معطل کردیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی حد تک الیکشن کمیشن کا آرڈر آن فیلڈ رہے گا عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 11 فروری تک جواب طلب کرلیا۔
Comments are closed.