چین نے پاکستان کے طلبہ و طالبات کو واپس لانے کی یقین دہانی کرادی
فوٹو: اے ایف پی
بیجنگ( ویب ڈیسک)چین نے پاکستان کے طلبہ و طالبات کو واپس لانے کی یقین دہانی کرادی،یہ طلبہ چین میں کورونا کے باعث پاکستان واپس آئے تھے تاہم پھر واپس چین نہیں جاسکے۔
اتوار کووزیراعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین نے دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے میں ہونے والا تعاون اطمینان بخش ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفد نے چینی وفد کو بتایا کہ چین پاکستانی طلبہ و طالبات کے لیے تعلیم حاصل کرنے کے لیے پسندیدہ ملک بن چکا ہے۔
بتایا گیاہے کہ عمران خان کے دورہ کے دوران چین نے وزیراعظم عمران خان کو کورونا وائرس کے سبب پاکستان واپس آنے والے طلبہ و طالبات کو چین واپس بلانے کے لیے انتظامات کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ چین کورونا وائرس سے تحفظ یقینی بناتے ہوئے پاکستانی طلبہ و طالبات کے چین واپسی کے لیے انتظامات کرے گا تاکہ وہ اپنی کلاسیں جاری رکھ سکیں۔
وزیراعظم عمران خان اپنا چین کا تین روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ چکے ہیں اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہناہے کہ چین کے دورے میں ان کی توقع سے بھی زیادہ ہمیں پذیرائی ملی ہے۔
دونوں وزراء وزیراعظم کے ہمراہ چین گئے ہوئے تھے واپسی پر پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھاکہ دورہ چین میں سی پیک کے منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی جب کہ وزیراعظم نے چینی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں تمام سٹریٹجک امور پر گفتگو کی۔
Comments are closed.