وزیراعظم عمران خان چارروزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے
بیجنگ(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان چارروزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں وہ سرمائی اولمپکس کی تقریب میں شرکت اور چینی قیادت سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کے بیجنگ پہنچنے پر چین کے نائب وزیر خارجہ Wu Jianghao نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شریک ہونگے۔
وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی، وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وفد میں شامل ہیں.
چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں معاون خصوصی خالد منصوروزیراعظم کے وفد میں شامل ہیں۔بیجنگ اولمپکس کی تقریبات میں شرکت کے علاوہ وزیراعظم چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی کیانگ سے بھی ملیں گے۔
ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا جس میں سی پیک کے ساتھ ساتھ مضبوط تجارتی اور اقتصادی تعلقات خاص طور سے زیرغور آئیں گے۔
وزیراعظم چین کے تھنک ٹینکس، دانشوروں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سمیت سرکردہ تجارتی شخصیات سے آن لائن ملاقاتوں کے علاوہ دیگر اہم دوطرفہ اجلاسوں میں بھی شریک ہونگے۔
وزیراعظم عمران خان کا اقتدار میں آنے کے بعد چین کا یہ چوتھا دورہ ہے۔ وہ آخری بار اکتوبر 2019ء میں چین کے دورے پر گئے تھے.
Comments are closed.