پاک بھارت صورتحال بہتر ہو رہی ہے، بھارتی سفیر
ماسکو(ویب ڈیسک)روس میں تعینات بھارتی سفیر ونکاتش ورما نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان صورت حال بہتر ہورہی ہے، کشیدگی کم ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
روس یا کسی دوسرے ملک کی جانب سے ثالثی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اول تو روس نے ثالثی کی پیشکش نہیں کی اور کی بھی تو قبول نہیں کریں گے۔
بھارتی سفیر نے مزید کہا کہ ابھی تک کسی ملک نے تنازع کے حل میں ثالثی کی پیشکش نہیں کی، پاکستان اور بھارت کے درمیان صورت حال پہلے سے ہی تیزی سے مستحکم ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ وہ کشیدگی نہیں چاہتا۔ انہوں نے بھارتی موٴقف کو ایک بار پھر دہراتے ہوئے کہا کہ خطے میں صورت حال معمول پر لانے میں میں اہم کردار پاکستانی اقدامات ادا کریں گے۔
خیال رہے کہ روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے چند روز پہلے پاکستان اور بھارت کے درمیان مصالحت کرانے کی پیشکش کی تھی۔ انہوں نے یہ پیشکش پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے فون پر بات چیت کے دوران کی تھی۔
Comments are closed.