سینئر صحافی و سابق وفاقی وزیر عارف نظامی سپرد خاک
لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام )سینئر صحافی اورسابق نگراں وفاقی وزیر عارف نظامی کو سپرد خاک کردیا گیاہے ۔
عارف نظامی آج ہی لاہور کے ایک اسپتال میں عارضہ قلب کے باعث لاہور میں انتقال کر گئے تھے ان کی نماز جنازہ میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کے علاوہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔
ان کی نماز جنازہ لاہور کے علاقے ڈیفنس کی اللہ ہو مسجد میں رات 8 بجے ادا کی گئی ، صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، بلاول بھٹو سمیت اہم شخصیات نے عارف نظامی کی وفات پر افسوس اور تعزیت کی ہے۔
عارف نظامی کو تین ہفتے قبل دل کا دورہ پڑا تھا جس پر انہیں لاہور کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، اس دوران ڈاکٹرز کی تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے ۔
واضح رہے عارف نظامی روزنامہ ‘نوائے وقت’ کے بانی حمید نظامی کے بیٹے تھے اور وہ کئی دہائیوں تک شعبہ صحافت سے وابستہ رہے۔
عارف نظامی انگریزی اخبار ‘پاکستان ٹوڈے’ کے بانی و ایڈیٹر تھے، انہوں نے مبینہ طور پر خاندانی اختلافات کے باعث 2010 میں انگریزی اخبار ‘دی نیشن’ کو خیر باد کہہ کر ‘پاکستان ٹوڈے’ کی بنیاد رکھی تھی۔
Comments are closed.