دوسرا ٹی ٹونٹی، انگلینڈ نے پاکستان کو 45 رنز سے ہرا دیا
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 45 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔
انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دیا جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن پھر جواب دے گئی اور قومی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنا سکی۔
ہیڈنگلے میں کھیلے جارہے اس میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا عماد وسیم نے پہلے جیسن رائے اور پھر ڈیوڈ ملان کو آوٹ کیا۔
میزبان ٹیم 18 رنز پر دو وکٹوں سے محروم ہوئی تو قائم مقام کپتان جوز بٹلر نے معین علی کے ساتھ برق رفتار رنز بناتے ہوئے ٹیم کا اسکور 85 پر پہنچایا جہاں معین علی 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بعد میں بٹلر نے لیام لیونگسٹن کے ہمراہ پارٹنرشپ بنائی اور 137 کے مجموعے پر 59 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، لیام لیونگسٹن نے 23 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی اور رن آؤٹ ہوگئے۔
ٹیل اینڈرز کی شراکت داری کے بدولت انگلینڈ کی ٹیم 200 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی، تاہم آخری اوور میں ہوم ٹیم آل آؤٹ ہوگئی، محمد حسنین 51 رنز دے کر تین جبکہ عماد وسیم اور حارث رؤف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی طرف سے ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
اس اسکور پر بابر اعظم 22 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے، جن کے بعد 15 رنز بنانے والے صہیب مقصود بھی آؤٹ ہوگئےمحمد رضوان 82 کے مجموعے پر 37 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے.
اس کے بعد کوئی کھلاڑی وکٹ پر ٹھہر کر نہیں کھیل سکا اور یکے بعد دیگر سب آؤٹ ہوتے چلے گئے اعظم خان صرف ایک رن بنا سکے، محمد حفیظ بھی نہ چل سکے.
بولنگ آل راؤنڈر شاداب خان نے ٹیم کو 36 رنز کا سہارا دیا، تاہم قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز ہی بناسکی۔ انگلینڈ کی طرف سے ثاقب نے3 جبکہ معین علی اور عادل رشید نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
معین علی کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا،انگلینڈ نے سیریز برابر کردی جبکہ سیریز کا آخری میچ 20 جولائی کو اولڈ ٹریفرڈ مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.