حدیبیہ پیپرز ملز کیس کی دوبارہ تفتیش، شہباز شریف نا م ای سی ایل پر


لاہور( ویب ڈیسک)حکومت کی طرف سے حدیبیہ پیپرز ملز کیس کی نئے سرے سے تفتیش کرنے کے فیصلہ سے پہلے ہی نیب لاہور نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز کو خط لکھ دیاتھا۔

ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے ڈی جی آپریشنز نیب ہیڈ کوارٹرز کو یہ خط 28 اپریل 2021 کو لکھا ہے جس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ پر ڈالنے کے لیے کہا گیا۔

یہ خط شہباز شریف کو لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد لکھا گیا تھا تاہم نیب ہیڈ کوارٹرز نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ سے تاحال رجوع نہیں کیا۔

آج وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں بھی شہباز شریف کی بیرون ملک روانگی سے متعلق عدالتی فیصلے پر مشاورت کی گئی اور اس حوالے سے عدالت سے رجوع کیے جانے پر بھی غور کیا گیا۔

ادھر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا ہے کہ حدیبیہ پیپرز ملز کیس کی دوباہ تفتیش کرنے کا فیصلہ کیاہے مقدمے میں متعلقہ اداروں کو تفتیش نئے سرے سے شروع کرنے کی ہدایات دی جارہی ہیں۔

انھوں نے کہا حدیبیہ کا مقدمہ شریف خاندان کی کرپشن کا سب سے اہم سرا ہے، اس مقدمے میں شہباز شریف اور نواز شریف مرکزی ملزم کی حیثئیت رکھتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا اس کیس کو انجام تک پہنچانا اس لئے ضروری ہے کہ جو طریقہ حدیبیہ میں پیسے باہر بھیجنے کیلئے استعمال ہوا اسی کو بعد میں ہر کیس میں اپنایا گیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آج وزیر اعظم کو قانونی ٹیم نے شہباز شریف کے مقدمات پرتفصیلی بریفنگ دی،حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ حدیبیہ پیپر ملز کا مقدمہ نئے سرے سے تفتیش کا متقاضی ہے۔

Comments are closed.