پاکستان کی طرف سے طالبان کے جنگ بندی اعلان کا خیر مقدم


اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان نے افغان طالبان کی طرف سے عیدالفطر کے احترام میں تین روزہ فائربندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔


ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ہم ان تمام کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں جو تشدد میں کمی لانے کا باعث بن سکتی ہوں اور افغانستان میں پائیدار استحکام اور دیرپا امن کے حصول میں معاون ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان طالبان نے عید پر 3 روز ہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا اور اس اعلان پر عمل درآمد کیلئے اپنے مسلح افراد کو حکم جاری کر دیا ہے۔

ترجمان طالبان محمد نعیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عید کے دنوں میں حکومتی فورسز پر حملے نہیں کیے جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ تہوار کو پُر امن اور محفوظ ماحول میں منانے کے لیے تمام مسلح افراد کو حملے روکنے کا حکم جاری کردیاہے۔

دوسری طرف سربراہ افغان مفاہمتی کونسل عبداللہ عبداللہ نے بھی سیز فائر کے اعلان کاخیر مقدم کیا ہے ، انھوں نے کہا حکومت بھی جنگ بندی کا جلد باقاعدہ اعلان کرے گی۔

پاکستان نے افغانستان کے علاقے زابل اور پروان میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور زخمیوں کا نقصان ہوا۔

ترجمان نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ہم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے عفریت کے خلاف اس جنگ میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

Comments are closed.