سعودی عرب کا پاکستان کیلئے ایک اور شاندار مسجد کا تحفہ
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)سعودی عرب کے شاہ فیصل مرحوم نے پاکستان کو فیصل مسجد بنا کر دی تھی اب شاہ سلمان نے شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود مسجد کاتحفہ دینے کا اعلان کیاہے۔
پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی طرف سے ٹوئٹر پر اس مسجد کا ماڈل شیئر کیا گیاہے اور کہا ہے اسلام آباد میں فیصل مسجد جیسی ایک اور عالیشان مسجد تعمیر ہوگی، مسجد میں 12 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہوگی۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے مطابق "اسلام آباد میں جدید طرز تعمیر کی شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود مسجد، اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کیلئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی حکومت کی طرف سے ہے، اللّٰہ تعالٰی ان کی حفاظت فرمائے ۔
دوسری طرف چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے بھی اسلام آباد میں یہ مسجد بنائے جانے کی تصدیق کی ہے۔
#اسلام_آباد میں جدید طرز تعمیر کی شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود مسجد، اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لئے #خادم_حرمين_شريفين
— نواف بن سعيد المالكي (@AmbassadorNawaf) May 1, 2021
شاہ سلمان بن عبدالعزيز آل سعود کی حکومت کی طرف سے، اللّٰہ تعالٰی ان کی حفاظت فرمائے ۔ pic.twitter.com/oE9SmtlAP3
مولانا طاہر اشرفی نے بتایا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے اسلام آباد میں 80 کنال پر مشتمل جامعہ مسجد ملک سلمان بن عبد العزیز کو اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو پاکستان سعودی عرب دوستی اور ایمان عقیدہ کے تعلقات کی عظیم مثال ہو گی ۔
مولانا طاہراشرفی نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان تین روزہ دورے پر سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی دعوت پر تشریف لے جا رہے ہیں جہاں وہ سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے سیاسی ومذہبی قائدین سے ملیں گے اور عمرہ ادا کریں گے۔
وزیراعظم اس دورے کے دوران مدینہ منورہ میں رسول اکرم ﷺ کے روضہ اطہر پر حاضری دیں گے ۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیر اعظم دورہ سعودی عرب سے دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ ملے گا ۔
انھوں نے کہا کہ وزیراعظم سعودی عرب کی سیاسی و مذہبی قیادت ، اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے اسلامک فوبیا ، توہین ناموس رسالت ﷺ کے حوالے سے عالمی قانون سازی کے بارے میں بھی عملی اقدامات پر بات چیت کریں گے۔
Comments are closed.