وزیراعظم نے فراش ٹاؤن اپارٹمنٹس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کے ماڈل ویلیج فراش ٹاؤن میں اپارٹمنٹس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، منصوبہ دو سال میں مکمل ہوگا.
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا فراش ٹاؤن اپارٹمنٹس منصوبہ دو سال میں مکمل ہو گا اور لوگوں کو گھر فراہم کر دیں گے، قرضوں کیلئے بینک بھی تیار ہیں، سکمیں لانچ ہو رہی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، غریب آدمی کو اپنا گھر بنانے کیلئے سستے قرضے دیئے، سستے گھروں کیلئے کئی مراحل طے کیے گئے.
انھوں نے کہا 2 سال میں فراش ٹاؤن میں لوگوں کو گھر فراہم کر دیئے جائیں گے، سی ڈی اے نے اس منصوبے پر بہت کام کیا، ایف ڈبلیو او نے قلیل عرصے میں کرتارپور راہداری مکمل کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2 ہزار فلیٹ اس طبقے کو مل رہے ہیں جو اپنے گھر کا تصور نہیں کر سکتا تھا، 600 گھر کچی آبادی کے لوگوں کو دے رہے ہیں، کچی آبادیوں میں سیوریج سسٹم ہے نہ پینے کا صاف پانی ہے.
ان کا کہنا تھا کہ ہماری معیشت پر قرضوں کا دباؤ ہے، آسان قرضوں کیلئے ہماری کوششیں کامیاب ہو رہی ہیں،ہم نے اپنے ڈھائی سال میں 35 ہزار ارب روپے کا قرضہ واپس کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میرا خواب ہے کہ کچی آبادی والوں کے پاس مالکانہ حقوق آجائیں، حکومت کو غریب کو سستے قرضے دینے کی کوشش کامیاب ہوگئی ہے.
انھوں نے کہا کہ ماضی میں بینکوں کو چھوٹے لوگوں کو قرضے دینے کی عادت نہیں تھی، بینکوں سے چھوٹے قرضے حاصل کرنے میں لوگوں کو اب بھی مشکلات ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلے مہینے ایف بی آر نے سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا ہے، بدقسمتی سے ماضی میں ایسے قرضے لے لئے گئے ہیں جن سے مزید قرضے چڑھ رہے ہیں.
مسلم لیگ (ن) نے 5 سال میں 20 ہزار ارب روپے کا قرض واپس کیا، ہم ڈھائی سال میں 35 ہزار ارب روپے کا قرض واپس کرچکے ہیں، ہم 2 ڈیم بنا رہے ہیں، جن سے زرعی پیداوار بڑھے گی اور سستی بجلی پیدا ہوگی۔
تقریب میں اس حلقہ کے رکن قومی اسمبلی راجہ خرم شہزاد، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سمیت منصوبہ سے متعلق محکموں کے حکام بھی شریک تھے، مجوزہ منصوبے میں صحافیوں کیلئے اپارٹمنٹس بھی شامل ہیں.
Comments are closed.