مسلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت سے تجارت نہیں ہوگی، وزیراعظم
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ مسلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت کے ساتھ تجارت نہیں ہوگی اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دئیے بغیر بھارت کے ساتھ تعلقات معمول پر نہیں آسکتے ۔
اسلام آباد میں بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا اصولی موقف ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر بھارت کے ساتھ تجارت نہیں ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس موقع پر بھارت کے ساتھ تجارت شروع کرنے سے یہ غلط تاثر جائے گا کہ ہم کشمیر کو نظر انداز کرکے بھارت سے تجارت شروع کررہے ہیں۔
اجلاس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وزارت خارجہ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت خارجہ کی جانب سے بھارت کے ساتھ تجارت کے حوالے سے تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ مقبوضہ کشمیر کی آئینی صورتحال بحال ہونے تک بھارت کے ساتھ کسی قسم کی تجارت نہیں ہوگی اور بعد میں دفتر خارجہ کے بریفنگ میں یہ وضاحت کردی گئی۔
بعد میں ترجمان دفتر خارجہ نے بھی واضح کیا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، خطے میں امن اور استحکام کیلئے تصفیہ طلب تنازعات کا حل ناگزیر ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہاکہ بھارتی قابض فورسز نے دو ہفتوں میں مزید چھ کشمیری شہید کر دیے، پاکستان ماورائے عدالت اور نام نہاد سرچ آپریشن کی مذمت کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتا ہے۔
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے یوم پاکستان پر وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد کا پیغام دیا تھا، وزیراعظم نے بھی جواب دیا تاہم کشمیر پر پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
انھوں نے کہا پاکستان کا موقف واضح ہے کہ کشمیر سمیت تمام دو طرفہ مسائل کے حل کے بغیر خطہ میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا ہے بھارت کو ایک بار پھر باور کرا رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ روسی وزیر خارجہ 6 اپریل کو پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں، اس دورے سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسائیوں سے پرامن تعلقات چاہتا ہے، وزیر اعظم واضح کر چکے ہیں کشمیر کے تنازعے کا حل ناگزیر ہے، کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
Comments are closed.