مولانا اور مریم نواز علیل، سیاسی سرگرمیاں معطل، دونوں کے کورونا ٹیسٹ


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان دو دن سے علیل ہیں جب کہ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کو بھی تیز بخار اور گلے میں شدید درد کی شکایت ہے۔

مولانا فضل الرحمان کو دو روز سے بخار ہے اور وہ اپنی ڈیرہ اسماعیل خان والی رہائشگاہ پر قیام پزیر ہیں طبیعت ناساز ہونے کے باعث تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔

اس دوران مولانا فضل الرحمان کی کورونا ٹیسٹ بھی کرایا گیاہے تاہم ان کی رپورٹ منفی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے مولانا فضل الرحمان کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا کہنا ہے کہ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان تین چار ماہ سے سفر کے باعث تھکن کا شکار ہیں، مولانا فضل الرحمان کے بخار میں کمی آئی ہے اور ان کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔

دوسری طرف مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے طبیعت ناساز ہونے کے باعث 4 روز کے لیے تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کر دیں،ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مریم نواز شریف کو تیز بخار اور گلے میں شدید درد کی شکایت ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مریم نواز شریف کا کورونا کا ٹیسٹ بھی کر کروایا گیا جو کہ منفی آیا ہے اور نائب صدر ن لیگ نے چار روز کے لیے تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے مریم نواز شریف کو آرام کا مشورہ دیا ہے، لیکن مریم نواز شریف طبعیت کی ناسازی کے باوجود لاہور ہائیکورٹ گئیں۔

Comments are closed.