سعود شکیل کی سلیکشن پر سوالات تھے، آصف علی کو ایڈجسٹ کیاگیا
لاہور( سپورٹس ڈیسک )سعود شکیل کو جنوبی افریقہ جانے والے ایک روزہ اسکواڈ سے نکال کر ان کی جگہ پر آصف علی کو شامل کرلیاگیا، سعودی شکیل کی سلیکشن پر بھی مختلف حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے تھے۔
سعود شکیل بائیں ٹانگ میں انجری کی وجہ سے جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز سے باہر ہوگئے ہیں، بتایا گیاہے کہ وہ بدھ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پریکٹس میچ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔
آصف علی کا نام سلیکشن کمیٹی نے ٹیم منیجمنٹ کی مشاورت کے بعدبطور متبادل کھلاڑی قومی ون ڈے اسکواڈ میں ایڈجسٹ کیا گیا کیونکہ آصف علی پہلے ہی جنوبی افریقا اور زمبابوے کے خلاف اعلان کردہ قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
سعود شکیل زمبابوے کے خلاف اعلان کردہ قومی ٹیسٹ اسکواڈکا بھی حصہ تھے اس لئے وہ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں اپنے ری ہیب پروگرام میں اگر 12 اپریل سے قبل مکمل صحتیاب ہوگئے تو وہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل بقیہ 10 ارکان کے ہمراہ ہرارے جاسکیں گے۔
پاکستان کا 34رکنی قومی اسکواڈ 26 مارچ کل( جمعہ) کو بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ جوہانسبرگ روانہ ہو گا، ان 34 ارکان میں 21 کھلاڑی اور 13 ٹیم آفیشلز شامل ہیں،جنوبی افریقا میں 3 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز اور 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں۔
پاکستان ٹیم17 اپریل کو 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہرارے روانہ ہو گی، جہاں سے 12 مئی کو قومی اسکواڈ کی وطن واپسی ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودشکیل کی ٹیسٹ ٹیم کیلئے سلیکشن پر سلیکشن کمیٹی کو تنقید کا سامنا تھا اور انھوں نے نوجوان بیٹسمین کی انجری کا جواز ملتے ہی انھیں ٹیم سے الگ کردیاہے اور اب ہرارے ٹیسٹ میں شمولیت کا امکان بھی کم ہے۔
Comments are closed.