میاں صاحب لڑنا ہے تو پاکستان آئیں، رائیں جدا کرنے والے فیصلے نہ کریں، زرداری
اسلام آباد (زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے نواز شریف پر واضح کر دیا ہے اسٹیبلشمنٹ سے لڑنا ہے سیاست کرنی ہے تو آپ پاکستان واپس آئیں ہم سب کو جیل بھی جانا ہوگا۔
اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس آصف زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا، ان کا کہنا تھا پہلی بار نہیں کہ جمہوری قوتوں نے دھاندلی کا سامنا کیا، میں نے زندگی کے 14 برس جیل میں گزارے ہیں۔
آصف زرداری نے ویڈیو لنک پر نواز شریف سے کہا کہ میاں صاحب پلیز پاکستان تشریف لائیں، ہم نے سینیٹ انتخابات لڑے،سینیٹر اسحاق ڈار ووٹ ڈالنے نہیں آئے.
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جب 1986 اور 2007 میں شہید بی بی وطن آئیں تو ملک کو موبلائز کیا تھا، لانگ مارچ کی ایسی منصوبہ بندی کرنا ہوگی جیسے 1986 اور 2007 میں کی تھی.
انھوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف جدوجہد جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے ہونی چاہیے۔ میاں صاحب، آپ کیسے عوامی مسائل حل کریں گے؟ آپ نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا.
سابق صدر نے کہا کہ میں نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ کیا، میں نے پارلیمان کو اختیارات دیے، این ایف سی منظور کیا جس کی مجھےاور پارٹی کو سزا دی گئی،ہم اپنی آخری سانس تک جدوجہد کے لیے تیار ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ اسمبلیوں کو چھوڑنا عمران خان کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے،ایسے فیصلے نہ کیے جائیں کہ جس سے ہماری راہیں جدا ہوجائیں،ہمارے انتشار کا فائدہ جمہوریت کے دشمنوں کو ہوگا.
انھوں نے یاد دلایا کہ ہم پہاڑوں پر نہیں پارلیمان میں رہ کر لڑتے ہیں، میاں صاحب آپ استعفے چاہتے ہیں تو صرف ہمیں نہیں سب کو جیل جانا ہوگا، نواز شریف صاحب! اسحاق ڈار کے ہمراہ وطن واپس آئیں، ہم مل کر لڑیں گے۔
آصف زرداری نے کہا میاں صاحب جب آپ وطن واپس آئیں گے، ہم آپ کے پاس استعفے جمع کروائیں گے، میں جنگ کے لیے تیار ہوں مگر میرا ڈومیسائل مختلف ہے، میاں صاحب آپ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہیں۔
Comments are closed.