احسن اقبال کو جوتا ماردیا گیا، مریم اورنگزیب کیساتھ بدتمیزی


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے (ن) لیگ کے رہنماؤں کی میڈیا ٹاک کے دوران ہلڑ بازی کے دوران ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کو کسی نے جوتا مار دیا، ایک شخص نے مریم اورنگزیب کو لات ماری۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، احسن اقبال اور دیگر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے کہ اس دوران یہ صورتحال سامنے آئی تاہم ابھی ہلڑ بازی کرنے والوں کی شناخت نہ ہوسکی۔

تاہم اس دوران موقع پر ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکن موجود تھے، نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ مریم اورنگزیب کو لات مارنے والا شخص پی ٹی آئی کاکارکن تھا۔

اس دوران مصدق ملک اور دیگر رہنماوں نے نوجوان کو پکڑ بھی لیا۔ہلڑ بازی کے دوران پی ٹی آئی کارکنان نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں وزیراعظم عمران خان کے حق میں اور (ن) لیگ کے رہنماؤں کے خلاف نعرے درج تھے۔

میڈیا سے گفتگو کے بعد بھی پی ٹی آئی کارکنان اور (ن) لیگ کے کارکنان آمنے سامنے آئے جب کہ لیگی کارکنان نے اپنے رہنماؤں کو حفاظتی حصار میں لے لیا۔

پی ٹی آئی کارکنان اور (ن) لیگ کے رہنماؤں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی اور اس دوران مریم اورنگزیب کو دھکے دیے گئے جس پر لیگی رہنما مصدق ملک اور شاہد خاقان عباسی بھی پی ٹی آئی کارکنان نے دست و گریباں ہوگئے۔

اس موقع پر (ن) لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ یہ سب غنڈے عمران خان کے ہیں، ہم مسلم لیگ (ن) کے شیر ہیں ان سے ڈرنے والے نہیں۔

Comments are closed.