مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر مشاہداللہ خان انتقال کر گئے


اسلام آباد(زمنیی حقائق ڈاٹ کام )سینیٹ میں مدلل اور منہ زور آواز اورپاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔

مشاہد اللہ خان کافی عرصے سے علیل تھے،سابق گورنر محمد زبیر نے ان کے مرنے کی سب سے پہلے تصدیق کرتے ہوئے ان کی موت پر گہرے دکھ کااظہار کیا ۔

سینیٹر مشاہداللہ سابق وفاقی وزیر بھی تھے اور خاص کر اپوزیشن میں رہتے ہوئے سینیٹ میں ایک مدلل اور زوردار آواز تھے ان کا ادبی رنگ بھی ہمیشہ نمایاں ہوتا تھا تقریر کے حسب حال شعر پڑھا کرتے ۔

مشاہد اللہ کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں ہوتا تھا اورسابق وزیراعظم نواز شریف کے قابل بھروسہ ساتھیوں میں سے ایک تھے وہ ہمیشہ پارٹی پالیسی کے ساتھ ڈٹ کرکھڑے رہے۔

مشاہد اللہ خان نے ابتدائی تعلیم اسلامیہ ہائی اسکول راولپنڈی سے حاصل کی جس کے بعد انہوں نے گورڈون کالج سے گریجویشن مکمل کیا اور پھر اردو لاء کالج کراچی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔

سینیٹر مشاہد اللہ کے بیٹے ڈاکٹر افنان کے مطابق ان کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر اسلام آباد کے سیکٹر الیون ایچ میں ادا کی جائے گی۔

نواز شریف کی صاحبزادی اورمسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے مشاہداللہ خان کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹر مشاہد اللہ خان پارٹی کے وفادار اور سینئر رہنما تھے۔

مریم نواز نے کہا کہ سینیٹرمشاہداللہ خان کے انتقال کی خبر سن کر ان کو دھچکا لگا، انھوں نے ان کے انتقال کو مسلم لیگ ن کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے،انہوں نے کہا کہ وہ مشاہداللہ خان کے خلوص اور والد جیسی محبت کو کبھی فراموش نہیں کرسکیں گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی سینیٹر مشاہد اللہ خان کے انتقال پر افسوس اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ ان کی کمی کو شدت سے محسوس کریں گے۔

Comments are closed.