وزیر داخلہ شیخ رشید کی نواز شریف کو بڑی پیشکش

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ہونے کے باوجود ملک واپسی کیلئے
72گھنٹوں میں ایمرجنسی ٹریولنگ ڈاکیومنٹ (ای ٹی ڈی) جاری کرنے کی پیشکش کردی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ رولز کے تحت ای سی ایل میں نام ہو تو اسے پاسپورٹ جاری نہیں کیا جاسکتا اور نہ اس کی تجدید ہوسکتی ہے لیکن اگر نواز شریف صاحب واپس ملک میں آنا چاہیں توایسا کر سکتے ہیں.

شیخ رشید احمد نے کہا اگر نواز شریف کو پاکستان آنا ہو اور بیرونِ ملک سفارتخانے میں اپلائی کریں تو انہیں ایک سرٹیفکیٹ جاری کیا جاسکتا ہے جسے ای ٹی ڈی کہتے ہیں اور اگر پاکستان نہ ہونا ہو تو آج رات 12 بجے ان کے پاسپورٹ کی آئینی و قانونی حیثیت ختم ہوجائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج رات 12 بجے نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید ختم ہورہی ہے، 20 اگست 2018 سے نواز شریف اور مریم نواز کا نام قومی احتساب بیورو (نیب) کی ہدایت پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عدالت نے خود کہا ہے کہ ایک مرتبہ باہر جانے کی اجازت دینے کو غلط استعمال کیا گیا اور ہائی کورٹ نے اب خود فیصلہ دیا کہ وہ واپس پاکستان آئیں جس کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے اپنی سرجری کی بات کی ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ وہ اس کے لیے باہر جانے کی درخواست نہیں کریں گی، تو اچھی بات ہے کسی نہ درخواست کی نہ ہم نے مانگی یہ تو درخواست گزار پر منحصر ہے کہ وہ نہ دینا چاہے یہ اس کی مرضی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا سب سے خوشی کی بات یہ ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن سمیت وہ لوگ جو اسمبلیوں پر لعنت بھیجتے تھے وہ آج اسمبلیوں سے ووٹ مانگ رہے ہیں اور ٹکٹوں کی جستجو میں لوگوں کی دلچسپی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ کوئی سرپرائز ہوجائے گا تو کوئی سرپرائز نہیں ہوگا، عمران خان سینیٹ کا الیکشن جیتے گا اور اس پر سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ آنے والا ہے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ 3 مارچ سے پہلے آجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بکنے والے لوگوں کا ضمیر مردہ ہوتا ہے ورنہ لوگ اپنا ضمیر فروخت نہیں کرتے اور جو بندہ ایک مرتبہ بکتا ہے وہ 10 مرتبہ بکتا ہے اور آصف زرداری نے ووٹوں کی خریداری میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے لیکن انہیں مایوسی ہوگی۔

شیخ رشید کی اپنے سابقہ بیان پر معذرت

شیخ رشید نے کسی بیان کی نشاندہی کیے بغیر کہا کہ پچھلی مرتبہ میں نے ایک بات ازراہ مذاق کی تھی جو نہیں کرنی چاہیے تھی اس پر معذرت کرتا ہوں، یاد رہے انھوں نے مظاہرین پر آنسو گیس ٹیسٹ کرنے کا بیان دیا تھا۔

شیخ رشید نے کہا کہ ای ویزے کا اجرا کردیا گیا ہے جس کے تحت 4 ہفتوں کے اندر ویزا جاری کردیا جائے گا اور اس عرصے میں سیکیورٹی ایجنسیز کو ان کی سیکیورٹی رپورٹ کلیئر کرنی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ انتخابات کے کچھ عرصے بعد رمضان آرہا ہے تو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو کہوں گا کہ جہاں آپ نے اتنے فیصلے تبدیل کیے گئے وہاں اس فیصلے (لانگ مارچ) کو بھی رمضان کے بعد لے جائیں۔

وزیر داخلہ نے کہا آپ کے لیے اسلام آباد میں اس وقت تک کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی تا وقت یہ کہ آپ قانون کو ہاتھ میں لیں، جس طرح الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کے دوران آپ کو سہولت فراہم کی گئی اس طرح اگر آپ 26 مارچ کو لانگ مارچ کرنا چاہتے ہیں تو اس میں بھی سہولت دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں پر امید ہوں کہ 3 مارچ کو اللہ عمران خان اور اس کی جماعت کو عزت دے گا، 15 روز تک آپ یہی سنیں گےکہ سرپرائز ہونے جارہا ہے لیکن 4 مارچ سے اس ملک میں سیاسی سکون اور بہتری آئے گی، افواہوں میں کمی ہوگی، عمران خان کی قیادت میں معاشی، سیاسی طور پر یہ ملک آگے بڑھے گا۔

Comments are closed.